علماء کو اقتدار ملا تو آئین کے تحت ہی اسلامی نظام نافذ کرینگے، عبدالغفور حیدری

73ء میں ہم اسمبلی میں قلیل تعداد میں تھے مگر اﷲ نے ہمارے اکابر سے کام لیا، قوم کو جلد 22 ویں ترمیم کی خوشخبری دینگے مدارس اسلام کے قلعے ، علماء انبیاء کے وارث ہیں، ہمارے بچے امریکا‘ برطانیہ نہیں ،دینی مدارس کے فارغ تحصیل ہیں ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا مظفر آباد میں عشایئے سے خطاب

ہفتہ 1 اگست 2015 17:24

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ آف پاکستان مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ علماء کو اقتدار ملا تو موجودہ آئین کے تحت ہی اسلامی نظام نافذ کرینگے۔ 73ء میں بھی ہم اسمبلی میں قلیل تعداد میں تھے مگر اﷲ تعالیٰ نے ہمارے اکابرسے کام لیا۔21 ویں ترمیم پر تحفظات کے باوجود دیگر جماعتوں نے اکثریت کے بل بوتے پر متنازعہ بل منظور کروالیا۔

مگر اب سب جماعتیں مولانا فضل الرحمان کے موقف کو درست تسلیم کررہی ہیں۔ قوم کو جلد 22 ویں ترمیم کی خوشخبری دینگے۔ مدارس اسلام کے قلعے اور علماء انبیاء کے وارث ہیں۔ ہمارے بچے امریکا‘ برطانیہ نہیں دینی مدارس کے فارغ تحصیل ہیں اس بارے تاثر غلط ہے۔ ان خیالات کااظہار مولانا حیدری نے دارالحکومت کی مرکزی قدیمی علمی دینی درسگاہ جامعہ اشاعت القرآن میں علماء کرام‘ عمائدین شہر اور اعلیٰ بیور کریسی کی خصوصی نشست اور بزرگ عالم دین جمعیت علماء اسلام کے سرپرست اعلیٰ مولانا قاری عبدالمالک توحیدی کی رہائشگاہ پر عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مولانا جب جامعہ اشاعت القرآن پہنچے تو بزرگ عالم دین مولانا قاری عبدالمالک توحیدی‘ امیر جمعیت علماء اسلام جموں وکشمیر مولانا سعید یوسف خان‘ مرکزی ناظم اطلاعات مولانا قاری محمد افضل‘ ڈویژنل سیکرٹری جنرل مولانا معروف احمد‘ جامعہ کے ناظم اعلیٰ اور جمعیت علماء اسلام مظفرآباد کے امیر مولانا قاری عبدالماجد‘ سیکرٹری پبلک سروس کمیشن مفتی محمد ابراہیم عزیز‘ مولانا قاری یونس شاکر‘ مولانا الطاف حسین‘ مفتی اجمل بشیر ‘مولانا انوارالحق قاسمی‘ مولانا فیاض احمد‘ مولانا عدنان شاہ‘ مفتی عبید کے علاوہ معززین شہر عمائدین علاقہ اور مسلم لیگ ن کے جوائنٹ سیکرٹری چوہدری احسن منظور ‘حاجی اجمل قریشی‘ شعیب احمد قریشی‘ خواجہ شوکت ‘ شیخ بشیر احمد ایڈووکیٹ‘ حاجی عبدالرحمان میر‘ وقاص احمد قریشی‘ محمد عمر قریشی‘ صاحبزادہ قاری عبدالباسط‘ صاحبزادہ ساجد الرحمان‘ سینئر صحافی عبدالواجد خان سمیت دیگر شخصیات نے ان کا استقبال کیا۔

مولانا نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ملک کو جاہل ‘ کرپٹ ‘ لٹیرے اور ظالم سیاستدانوں نے کمزور کیا۔ ملک میں آئین کی خلاف ورزیاں سرعام ہورہی ہیں۔ مگر آئین پر عملدرآمد کرلیا جاتا تو عمران خان ممبر اسمبلی نہیں بن سکتے تھے۔ ملک پر قابض عناصر کی تعداد سینکڑوں میں ہے مگر وہ 19کروڑ پر حاوی ہیں جو نہیں چاہتے کہ ملک میں اسلامی نظام آئے اور آئین پر عمل ہو کیونکہ اس میں احتساب ہے اور انصاف ہے اور انکا احتساب ہوا تو یہ پھر کہاں جائیں گے۔

عشائیہ کی تقریب میں سینکڑوں علمائے کرام‘ معززین شہر‘ عمائدین علاقہ ‘ بیورو کریٹس ‘ صحافیوں نے شرکت کی۔ تقریب میں امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا سعید یوسف نے شیخ الحدیث مولانا یوسف ‘ مولانا عبدالعزیز تھوراڑ وی ‘ مولانا محمد الیاس چناری اور مولانا قاری عبدالمالک توحیدی کے آزادکشمیر میں توحیدسنت کیلئے خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ آخر میں مولانا قاری عبدالمالک نے جملہ مہمانان گرامی کی مظفرآباد آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :