بامعنی مذاکرات ہی مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہیں،انجینئر رشید

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 5 اگست 2015 14:47

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد اسمبلی کے رکن انجینئر عبدالرشید نے کہاہے کہ بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات ہی مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انجینئر رشید نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت اور پاکستان پر زوردیا کہ وہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و سلامتی کے قیام کیلئے کشمیریوں کی قیادت کے ساتھ بامعنی اور نتیجہ خیزمذاکرات کریں۔

انہوں نے بھارتی حکومت پر زوردیا ہے کہ وہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کے متعلق اپنے موقف اور عام کشمیریوں کے موقف کے درمیان بھاری خلیج کی موجودگی کا اعتراف کرے۔انہوں نے مذید کہاکہ بھارت کو اپنی کشمیر پالیسی پر نظرثانی اور جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تسلیم کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کو بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بنا کر مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی بھارت اور کشمیری عوام کے درمیان حائل بھاری نظریاتی خلیج کو کم کیا جاسکتا ہے ۔

انجینئر رشید نے کہاکہ کشمیریوں نے انتخابات میں ووٹ پانی ، بجلی اور سڑکوں جیسے روزمرہ کے مسائل کے حل کیلئے دیئے ہیں نہ کہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کو قبول کرنے کیلئے ۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات میں بھاری ٹرن آؤٹ سے یہ ثابت نہیں ہو سکتا کہ کشمیریوں نے کشمیر بارے بھارت کے موقف کو تسلیم کر لیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ صرف آنکھیں بند کرنے اور ظلم و تشدد اور قتل عام سے نہ تو مسئلہ کشمیر حل ہو سکتا ہے اور نہ ہی بھارت اور کشمیریوں کے درمیان بڑھتی ہوئی نظریاتی خلیج کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بہتر یہی ہے کہ جنوبی ایشیاء کی بقا کی خاطربھارت ور پاکستان کشمیریوں کی قیادت کے ساتھ با معنی مذاکرات کا آغاز کریں۔