کارکنوں کیخلاف بھارتی پولیس کے کریک ڈاؤن کی مذمت کرتے ہیں،فورم سید علی گیلانی

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 5 اگست 2015 14:48

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء)مقبوضہ کشمیرمیں بزر گ حریت رہنما سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے ضلع شوپیان میں تحریک حریت جموں وکشمیر کے کارکنوں اور عام جوانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ حریت کارکنوں اور عام نوجوانوں کی بلا جواز گرفتاری کے بعد انہیں رہاکرنے کے عوض ان کے والدین سے بھارتی رقوم طلب کی جاتی ہیں، جبر و استبداد اور اوچھے ہتھکنڈوں کے انتہائی خطرناک نتائج نکلیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید نے نہتے کشمیریوں کو مکمل طور پر بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ ضلع شوپیاں اور دیگر علاقوں میں لوگوں کا جینا دو بھر کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تھانوں اور جیلوں میں پہنچا کر انکے تعلیمی مستقل کوتباہ کیا جا رہا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی پولیس نے تحریک حریت جموں وکشمیر کے رہنماؤں محمد یوسف فلاحی، شکیل احمد یتو اور نذیر احمد مانتو کی گرفتاری کے بعد اب ضلع شوپیاں کے قائم مقام صدرِ محمد امین آہنگر ، جاوید احمد ،نثار احمد نجار اور پرویز احمدکی گرفتاری کیلئے ان کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنے اہلخانہ سمیت روپوش ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی پولیس نے شوپیاں کے علاقے پہلی پورہ کے عام شہریوں عبدالصبور اور ایاز احمد ملہ کو گرفتار کر کے انکے خلاف کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر دیا ہے۔ترجمان نے کپواڑہ کے علاقے کولال پورہ کے رہائشی تحریک حریت کے کارکن فاروق احمد بٹ کی گرفتاری کی بھی سخت مذمت کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر گرفتار تمام لوگوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔