کشمیر،مسلمانوں کی آبادی کے کم کرنے کی بھارتی سازش ناکام بنا دی جائیگی،نعیم خان

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 5 اگست 2015 14:48

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء)مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما اورجموں کشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمد خان نے کہا ہے کہ کشمیری جموں وکشمیر میں مسلمانوں کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے بھارتی مذموم منصوبے کوہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نعیم احمد خان نے اپنی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے میں قطعی طور پر ناکام ہو چکا ہے لہذا اب وہ اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنے مذموم منصوبوں کی تکمیل چاہتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر کشمیریوں کو مقبوضہ علاقے کے مستقل رہائشی حقوق دینے ، سابق فوجیوں کو یہاں ارضی الاٹ کرانے جیسے منصوبوں کے ذریعے دراصل بھارت یہاں موجود مسلمانوں کی آبادی کے تناسب کو کم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہ بھارت کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنانے کے لیے کشمیریوں کو اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔نعیم احمدخان نے کہ مقبوضہ وادی کے مسلمانوں جموں خطے کے اپنے بھائیوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گے اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ ، ویشوا ہندو پریشد ، شیو سینا جیسی ہندو انتہاپسند تنظیموں کو 1947جیسی صورت حال پیداء کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔