مقبوضہ کشمیر میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے 2بھارتی فوجی ہلاک

جوابی کارروائی میں ایک حملہ آوربھی ماراگیادوسرے کو گرفتارکرلیا،حراست میں لیاگیانوجوان پاکستانی شہری ہے،بھارتی فوج کا دعویٰ

بدھ 5 اگست 2015 17:20

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء)مقبوضہ کشمیرمیں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے بھارتی بارڈرسیکورٹی فوس کے دواہلکارہلاک ہوگئے جوابی کارروائی میں ایک حملہ آورہلاک جبکہ دوسرے کو زندہ گرفتارکرلیاگیا،بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتارشخص پاکستانی شہری ہے ،واقعے کے بعد علاقے کی سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ،برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق تازہ حملہ سرینگر۔

جموں شاہراہ پر اودھام پور ضلعے کے قریب بدھ کی صبح رونما ہوا۔ پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایاکہ بارڈر سکیورٹی فورس کا ایک گشتی دستہ گاڑیوں میں سرمولی کے قریب جا رہا تھا کہ مسلح شدت پسندوں نے گھات لگا کر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو بی ایس ایف اہلکار اور ایک حملہ آور مارے گئے۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ دو میں سے ایک مسلح شدت پسند نے جائے واردات سے فرار کے دوران بعض شہریوں کو یرغمال بنانے کی کوشش کی تاہم پولیس اور فوج نے مشترکہ کارروائی میں اور یرغمال شدہ تین شہریوں کو چْھڑا لیا اور شدت پسند کو زندہ گرفتار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار شدہ شدت پسند کا نام محمد بن قاسم ہے اور وہ پاکستانی باشندہ ہے،حکومت ہند اس شاہراہ کو قومی شاہراہ کہتی ہے، کیونکہ یہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت سے ملانے والا واحد زمینی راستہ ہے۔واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں کشمیر میں ہندوستانی فوج کے خلاف کارروائیوں مسلح حملوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ مختلف ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جس میں کشمیر کے نوجوان مسلح تحریک کی جانب راغب ہوتے نظر آئے ہیں۔