مقبوضہ کشمیرکے کئی علاقوں سیکورٹی سخت ، تلاشیوں کا سلسلہ تیز، اضافی پولیس چوکیاں قائم کر دی گئیں

جمعہ 7 اگست 2015 14:41

سرینگر ۔ 07 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07اگست۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں انتظامیہ نے نام نہا د سیکورٹی کے نام پر پورے مقبوضہ علاقے میں جامہ تلاشیوں اور شاہراہوں پر گاڑیوں کی چیکنگ کاسلسلہ تیز کر دیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انتظامیہ نے پولیس اہلکاروں سے شاہراہوں پر گشت بڑھانے اور گاڑیوں کی تلاشیوں کا سلسلہ تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

تمام ضلعی ہیڈکوارٹر میں بھی تلاشیوں کا سلسلہ جاری ہے اورتمام پولیس افسروں کو چوکس اور اپنے متعلقہ علاقوں میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ایک سینئر پولیس اہلکارنے صحافیوں کو بتایا ہے کہ رام بن ، بانیہال اور قاضی گنڈ جیسے متعدد مقامات پر مشتبہ گاڑیوں کو چیک کیا جارہا ہے اور ا س مقصد کیلئے پولیس کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا ہے ۔ادھرانسپکٹر جنرل پولیس جاوید مجتبیٰ گیلانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں سیکورٹی کے انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں اورپولیس کی چوکیوں کی تعداد بڑھادی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میرگنڈ سے بارہمولہ تک کم سے کم پانچ چوکیاں قائم کی گئی ہیں جبکہ پانتھہ چھوک سے اسلام آباد تک بھی مذید چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔