مفتی سعید کی سربراہی میں قائم کٹھ پتلی حکومت عمر عبداللہ کی سابق حکومت سے کسی طور مختلف نہیں،میر واعظ

جمعہ 7 اگست 2015 14:41

اسلام آباد ۔ 07 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07اگست۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ کی سربراہی میں قائم پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی اتحاد ی حکومت عمر عبداللہ کی سابق کٹھ پتلی انتظامیہ سے کسی طور مختلف نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ کی طرح مفتی سعید نے بھی مقبوضہ علاقے میں اظہار رائے کے حق کو قطعی طور پر سلب کر رکھا ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ علاقے میں شہریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب ہیں جبکہ کم عمر لڑکوں سمیت نوجوانوں کو گرفتار کر کے تھانوں اور جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رات کے وقت گھروں پر چھاپے ڈالکر خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو ہراساں کیا جاتا ہے جبکہ مظالم کے خلاف پر امن طوراحتجاج کی بھی اجازت نہیں دی جاتی۔

میر واعظ نے کہا کہ ہندو انتہا پسند فرقہ پرست جماعتوں نے جموں خطے کے مسلمانوں کے خلاف معاندانہ سرگرمیاں تیز کر دی ہیں اور مسلمانوں کو زبردستی اپنے گھروں سے بے دخل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ مقبوضہ علاقہ اس وقت انتہائی مشکل دور سے گزر رہا ہے اور کشمیریوں کی مبنی برحق آواز کو طاقت کے بل پر دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا تنازعہ کشمیر کا ہے جسے حل کیے بغیردنوں ملکوں کے درمیان پائیدار دوستی اور خطے میں پائیدار امن کا قیاممکن نہیں ۔