مظفرآباد‘ کوڑا کرکٹ تلف کرنے کیلئے شاہدرہ کے مقام پر قائم کی گئی سائیٹ پرقبضہ گروپ براجمان

انتظامیہ کی ملی بھگت سے مقامی افراد نے قبضہ کر کے شلٹر تعمیر کر لئے ‘کوڑا کرکٹ تلف کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا

اتوار 9 اگست 2015 14:21

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اگست۔2015ء) میونسپل کارپوریشن کی طرف سے کوڑا کرکٹ تلف کرنے کے لئے شاہدرہ کے مقام پر قائم کی گئی سائیٹ پر انتظامیہ کی ملی بھگت سے مقامی افراد نے قبضہ کر کے شلٹر تعمیر کر لئے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن کو دارالحکومت کا کوڑا کرکٹ تلف کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ طویل عرصہ قبل میونسپل کارپوریشن کو حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے دارالحکومت سے تقریبا 20کلو میٹر دور شاہدرہ کے مقام پر کوڑا کرکٹ تلف کرنے کے جگہ مہیا کی گئی۔

مقامی افراد کو اس جگہ کا معاوضہ بھی ادا کیا گیا۔ لیکن چند ہفتے قبل مقامی افراد نے اس جگہ پر دوبارہ قبضہ کر لیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کی طرف سے انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا لیکن انتظامیہ نے کوئی نوٹس نہیں لیا ۔

(جاری ہے)

کارپوریشن کی طرف سے ضلعی انتظامیہ کو متعدد مکتوب ارسال کئے گئے لیکن اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ انتظامیہ کے بعض افسران کی ملی بھگت سے سرکاری اراضی پر قبضہ کرایا گیا ہے۔

جس کے باعث کارپوریشن کو کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے میں شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔ اور شہر سے اکٹھا ہونے والا سینکڑوں ٹن کوڑا روزانہ دریاؤں میں پھینکا جا رہا ہے۔ حکومتی سطح پر شاہدرہ سائیٹ پر قبضے کا نوٹس نہیں لیا گیا۔ میونسپل کارپوریشن کی سائیٹ پر انتظامیہ کی ملی بھگت سے مقامی افراد نے شلٹر تعمیر کر لئے ہیں۔ اور میونسپل کارپوریشن کو سائیٹ پر کوڑا کرکٹ تلف نہیں کرنے دیا جا رہا۔ عوامی حلقوں نے حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شاہدرہ میں میونسپل کارپوریشن کی سائیٹ پر قبضے کا نوٹس لے ۔

متعلقہ عنوان :