وفاقی دارالحکومت سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار

بدھ 12 اگست 2015 11:44

اسلام آباد/ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اگست۔2015ء ) وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ،گرمی اورحبس کے ستائے شہریوں نے سکھ کاسانس لیا ، محکمہ موسمیات نے اسلام آباد ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، لاہور ، پشاور، کشمیر اور ژوب ڈویژن میں باران رحمت کی نوید سنادی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ راولپنڈی/اسلام آباد ،لاہور، ہزارہ،میرپور خاص، قلات اورژوب ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

اگلے دو روز کے دوران ملک کے شمالی علاقوں (گلگت بلتستان) میں موسم خشک رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔

(جاری ہے)

تاہم اسلام آباد/راولپنڈی، گوجرانوالہ،لاہور ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں پر گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش جہلم میں128 ملی میٹرجبکہ گجرات 99، منگلا56،سیالکوٹ(کینٹ)، گوجرانوالہ 49، سیالکوٹ(ائیرپورٹ)26، اسلام آباد(سیدپور26،زیروپوائینٹ18، بوکرہ17،گولڑہ07)، لاہور(ائیرپورٹ)، کوٹلی17، گڑھی دوپٹہ 13،راولپنڈی(شمس آباد10، چکلالہ08) منڈی بہاوٰالدین 09 اور قصور میں 01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات میں سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت ، نورپورتھل میں 42 ڈگری سنٹی گریڈ جبکہ سبی، دالبندین، چلاس، بھکر41، سکھر، کوٹ ادو، ڈی آئی خان،نوکنڈی،اوکاڑہ اور بہاولنگر میں 40 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :