تعلیمی پالیسی کے نفاذ میں پرائیویٹ اداروں کا کردار بھی احسن ہوگا،سردار جاوید ایوب

جمعرات 13 اگست 2015 16:56

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء)وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب نے کہا ہے کہ تعلیمی پالیسی کے نفاذ میں پرائیویٹ اداروں کا کردار بھی احسن ہوگا۔ کوالٹی ایجوکیشن کے میدان میں نجی اداروں کی کارکردگی نہایت شاندار ہے جو شرح تعلیم میں اضافے کا باعث بنی ۔ سرکاری تعلیمی اداروں کی اصلاح و احوال اور انہیں مزید فعال کرنے کیلئے حکومت نے جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔

نالائق اور کام چور اساتذہ کی معطلی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ تعلیمی اداروں کو سیاست سے پاک کردیا ہے اب کوئی تبادلہ و ترقیابی بغیر میرٹ کے نہیں ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب نے گزشتہ روز شاہین ماڈل کالج چھتر برانچ کی سالانہ تقسیم انعامات بسلسلہ یوم آزادی پاکستان سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کی صدارت ایڈمنسٹریٹر بلدیہ سردار مبارک حیدر نے کی۔

جبکہ وزیراعظم آزادکشمیر کے میڈیا کنسلٹنٹ و ممتاز صحافی واحد اقبال بٹ ‘ سید ممتاز بخاری صدر معلم علی اکبر اعوان سکول‘ راجہ نصیر خان چیئرمین ایلیمنٹری کالج / ایلیمنٹری بورڈ‘ خواجہ طارق شفیع‘ خواجہ عبدالحنان بانی صدر پرائیویٹ سکولز اینڈ کالج ایسوسی ایشن‘ چوہدری محمد اقبال صدر پرائیوٹ سکولز اینڈ کالج ایسوسی ایشن‘ ایم ڈی شاہین ایجوکیشن سسٹم ارم سلیم راجہ‘ پرنسپل ادارہ نوشین افتخار‘ سینئر معلم راجہ رحیم و دیگر ممتاز ماہرین تعلیم ‘ پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات اور ان کے والدین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

مہمان خصوصی سردار جاوید ایوب نے بہترین اساتذہ نے شیلڈ تقسیم کیں۔ جبکہ صدر تقریب سردار مبارک حیدر‘ میڈیا کنسٹلنٹ واحد اقبال بٹ‘ راجہ نصیر نے اول دوم سوم آنیوالے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیئے۔ وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب نے کہا کہ شرح تعلیم میں اضافہ اور کوالٹی ایجوکیشن کے میدان میں پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا کردار بہت نمایاں ہے۔

اگر یہ ادارے نہ ہوتے تو آزادکشمیر تعلیمی میدان میں پیچھے ہوتا لیکن اس میں زیادہ قصور ماضی کے حکمرانوں کا ہے جو مظفرآباد کو پیرس اور میرپور کو سوئزر لینڈ بنانے کے دعوے کرتے رہے ہمیں نہ پیرس چاہیے اور نہ سوئزر لینڈ میرپور میرپور ہی رہنا چاہیے اور مظفرآباد کو مظفرآباد ہی رہنے دیا جائے جہاں اپنی ثقافت ‘ زبانیں اور تہذیب موجود ہیں جنہیں فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

نوجوان نسل اپنی کشمیری زبان اور پہاڑی زبان بھول رہے ہیں۔ انگریزی و دیگر زبانیں سیکھنا ضروری ہیں مگر مادری زبانیں بھلا دینا ناکام قوموں کی علامت ہوتی ہے۔ انہوں نے شاہین ماڈل کالج کے پرنسپل و سٹاف کو بہترین کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر مبارک حیدر اور میڈیا کنسلٹنٹ واحد اقبال بٹ نے خطاب میں کہا کہ اساتذہ اور والدین کو بچوں کی تعلیم و تربیت میں مل کر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

صرف اساتذہ پر انحصار نہ کیا جائے بلکہ والدین کو بھی اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کم تنخواہوں میں سکولوں میں بہترین نتائج دے رہے ہیں جبکہ سرکاری سکولوں میں اساتذہ بھاری تنخواہوں میں بھی نتائج نہیں دے سکتے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے تعلیمی میدان میں بڑا کردار ادا کیا۔

میڈیکل کالجز ‘ وویمن یونیورسٹیز دے کر تاریخ رقم کی ہے۔ تقریب میں بچوں نے ملی نغمے پیش کیئے تعلیم اور شعور کے حوالے سے خاکے ‘ ٹبیلوزپیش کیئے جس پر حاضرین نے خوب داد دی۔ تقریب کے اختتام پر پرنسپل ادارہ ہذا نوشین افتخار نے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ خون جگر سے ادارہ کی آبیاری کی اور اسے تناور درخت بنانے میں سرسلیم کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے اساتذہ کو بہترین نتائج پر مبارکباد پیش کی۔