آزادکشمیر بھر میں تحریک انصاف کی ممبر سازی کا کام تیزی سے جاری ہے،بیرسٹرسلطان محمود

جمعرات 13 اگست 2015 17:07

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزادکشمیر بھر میں تحریک انصاف کی ممبر سازی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ لوگ جوک در جوک تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ آرگنائزنگ کمیٹیوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ 15 ستمبر تک اپنے اپنے حلقوں میں ممبر سازی کا کام پایہٴ تکمیل تک پہنچائیں۔

میرا ٹارگٹ آزاد کشمیر میں ایک لاکھ ممبر بنانے کا ہے جو انشاء اللہ ہم جلد پورا کر لیں گے۔ تمام آرگنائزنگ ممبران کو سختی سے ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ جماعتی منشور اور آئین اور ڈسپلن کا خاص خیال رکھیں۔ کوئی شخص خود کو کسی حلقے کا امیدوار ظاہر نہ کرے۔ اگر کسی نے خود کو میڈیا میں کسی حلقے کا امیدوار ظاہر کیا تو اُس کے خلاف تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی ہدایت کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر کے اندر منشور کمیٹی اور آئین کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے۔ جو اپنا کام تیزی سے کررہی ہے۔ عنقریب بیرون ملک دورے پر جا رہا ہوں۔ جس کا مقصد جہاں ایک طرف کشمیر ایشو کو دنیا کے اندر اجاگر کرنا ہے تو دوسری طرف اس دورے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ بیرون ملک آباد کشمیری کمیونٹی میں پی ٹی آئی کی ممبر سازی کے کام کو تیز کیا جائے سکے۔ عمران خان کے تبدیلی کے نعرے کوآزادکشمیر کے اندر زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔

آزادکشمیر کے عوام موجودہ کرپٹ حکومت اور فرسودہ نظام سے آزاد ہونا چاہتے ہیں۔ گزشتہ چار سالوں سے آزادکشمیر کے اندر مفاہمت کے نام پر منافقت کی سیاست کی جار ہی ہے جس کا اصل مقصد مخصوص طبقے کو نواز کر عوام کی کثیر تعداد کو ریاستی وسائل سے دور رکھنا ہے۔ ہم برسرِ اقتدار آکر مفاہمت، منافقت کی سیاست کا خاتمہ کرکے ریاست کی عوام کو بااختیار بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپور میں ڈویژنل آرگنائزنگ کمیٹیوں کے اجلاس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی آزادکشمیر کے چیف آرگنائزر ظفر انور اور ممبر ساز کمیٹی کے چیئرمین سردار امتیاز نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر میرپور ، کوٹلی، بھمبر میں موجود ممبر شپ آرگنائزنگ کمیٹیوں کے تمام ممبران نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔

بیرسٹر سلطان محمود چودھری کے خطاب کے بعد اجلاس میں سوال جواب کی خصوصی نشست ہوئی جس میں ممبر سازی کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور لائی گئیں۔ بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے آخر میں مزید کہا کہ میں ممبر شپ کمیٹیوں کے تمام ممبران کو ایک مرتبہ پھر اس بات کی ہدایت کرتا ہوں کہ وہ خود کو تحریک انصاف کے نظریات و افکار کے دائرہ کار میں رکھ کر کام کریں۔ ہم سب عمران خان کے ویژن کو لے کر آگے بڑھیں گے۔ اگر ہم اپنی صفوں میں اتحاد اور تنظیم کا مظاہرہ کریں گے تو وہ وقت دور نہیں جب آزاد کشمیر کے اندر تحریک انصاف کا دور دورہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :