آزاد کشیر میں جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد میر پور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مسٹ میں کیا گیا

جمعہ 14 اگست 2015 15:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر جناب چوہدری عبد المجید نے 69ویں یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کی ۔ تقریب وزیر اعظم کے ہمراہ وزراء کرام میں چوہدری پرویز اشرف وزیر فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ ، محمد حسین سرگالہ وزیر برائے امور منگلا ڈیم ،محمد افسر شاہد وزیر اوقاف و مذہبی امور ، مرتضیٰ خان درانی مشیر اطلاعات اور مشیر حکومت چوہدری محمد اشرف نے شرکت کی۔

جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد میر پور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مسٹ میر پور میں کیا گیا ۔ تقریب کا آغاز 08:55منٹ پر پرچم کشائی سے کیا گیا ۔ تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول پاک بھی پڑھی گئی ۔ جشن آزادی کی تقریب میں بڑی تعداد میں ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ ، سکول اور کالجوں کے سربراہان ، سیاسی او رسماجی ، مذہبی جماعتوں کے راہنماؤں ، تاجروں وکلاء ، صحافیوں سمیت تمام مکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے نمایاں افراد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

پرچم کشائی کی تقریب کے بعد تمام مہمانوں میں یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے مٹھائی تقسیم کی گئی ۔ تقریب میں شریک طلباء و طالبات نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانوں کے علاوہ ملی نغمے بھی پیش کیے۔ تقریب کے مہمان خصوصی جناب وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام حاضرین کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی ۔

انہوں نے کہا یوم آزادی ایک عہد کی تجدید کا دن ہے ہمیں اپنے وطن عزیز کو مضبوط کرنا ہے اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے محنت اور جانفشانی سے کام کرنا ہو گا۔ یوم آزادی پر ہم سب کو یہ عہد کرنا ہو گاکہ وطن عزیز کی آزادی اور خو مختاری کو قائم رکھنے کے لیے جان کی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ پاکستان کو آج بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جس میں دہشت گردی بھی شامل ہے ۔

انڈیا ریاست کشمیر کے اندر انسانی حقو ق کی خلاف ورزی اور لائن آف کنٹرول پر مسلسل جارحیت کا مرتکب ہو رہا ہے ۔ ایسے حالات میں ہم سب پر بحیثیت قوم ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم وطن عزیز کی مضبوطی اور خوشحالی کے لیے انتھک محنت کریں اور اسلامی اقدار کو فروغ دیں ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہندوستان کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں اپنے بہن بھائیوں پر ہوتا ظلم برداشت نہیں کریں گے ہمارے دل ان کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔

لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی نا قابل برداشت ہے ۔ ہم امن چاہتے ہیں اور کشمیر کا مسئلہ بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں ۔ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کا باعث بن سکتی ہیں ۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کی ترقی اور بہتری ایک بہت خوش آئند اقدام ہے اور مجھے امید ہے کہ کشمیر ی طلباء و طالبات کے علاوہ پاکستان کے طلباء و طالبات بلکہ بیرونی ممالک میں مقیم کشمیری اپنے بچوں کو تعلیم کے لیے یہاں بھیجیں گے ۔

وزیر اعظم نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمان کو یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے اور بہترین انتظامات کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔ تقریب کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے جناب وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمان نے وزیراعظم چوہدری عبدلمجید کا شکریہ ادا کیا ۔ جناب وائس چانسلر نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ریاست ہے اور اسلامی اقدار ہماری قومی اقدار ہیں ۔

ہمیں قومی اقدار کو فروغ دینا ہو گا تاکہ ہمارے نوجوان اعلیٰ انسانی اقدار کے حامل ہو سکیں ۔ جناب وائس چانسلر نے تحریک آزادی کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کے بدلے میں ہمیں آزادی جیسی نعمت حاصل ہوئی ہے ۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ریاستی دہشت گردی انہیں آزادی کی منزل سے دور نہیں رکھ سکتی ۔

ایسے موقعون پر مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کا قومی پرچم لہرانا یقینا جرات اور بہادری کی مثال ہے ۔ ہم جذبہ حریت سے سرشار کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں ۔ یونیورسٹی اساتذہ سٹاف اور طالب علم آپریشن ضرب عضب کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ خوشحالی اور ترقی آزادی کی روح ہے ، قوموں کی خوشحالی اور ترقی تعلیم سے وابستہ ہے۔ وائس چانسلر نے تقریب کے اختتام پر تمام فیکلٹی ممبران ، سٹاف ممبران اور طلباء و طالبات جنہوں نے یوم آزادی کی تقریب کے انتظامات میں حصہ لیا کا شکریہ ادا کیا۔