پاکستان کیخلاف باتیں کرنیوالے شہداء کے خون سے غداری کر رہے ہیں،چوہدری عبدالمجید

جمعہ 14 اگست 2015 15:52

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء)وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف باتیں کرنے والے شہداء کے خون سے غداری کر رہے ہیں ۔پاکستان فوج کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو برداشت نہیں کرسکتے ۔مستحکم پاکستان کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے ۔پاکستان کے 18کروڑ عوام کے شکرگزار ہیں ۔پوری ملت پاکستان بھرپور پاکستانیت کا مظاہرہ کرئے ۔

وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر تحریک تکمیل پاکستان ہے ۔کشمیری عوام پاک بھارت مذاکرات کے خلاف نہیں اور نہ ہی پاک بھارت تجارت اور تعلقات کے خلاف ہیں ۔مگر کشمیریوں کی قیمت پر پاک بھارت تعلقات ہمیں قبول نہیں ہیں ۔ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین غدار اور ملک دشمن ہیں ان کی ملک دشمنی یہاں برداشت نہیں کی جاسکتی ۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان ان کے خلاف اقدامات کرئے ۔وزیر اعظم آزادکشمیرنے کہا کہ تحریک آزادی کے لیے لاکھوں کشمیریوں نے لہوکا نذرانہ دیا ۔مسلح افواج کے افرادنے شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔شہداء کے لہو پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جاسکتا ۔وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ تحریک آزادی کے لیے ممتاز کشمیری راہنما میر واعظ مولوی محمد یوسف نے تحریک آزادی کے لیے لہو بہایا ۔

آج حریت قیادت تحریک تکمیل پاکستان کی جدوجہد میں مصروف ہیں ۔تحریک آزادی کے بیس کیمپ سے غازی ملت سردار محمد ابراہیم،شہید ملت کے ایچ خورشید ،مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان ،چوہدری نور حسین ،غازی الہی بخش راجہ اکبر خان ، چوہدری حمید اللہ خان،مولوی عبداللہ سیاکوی ،عبدالخالق انصاری نے تحریک آزادی کے لیے جدوجہد کی ۔ہم ان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں ۔

وزیر اعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہا کہ مسلح افواج سرحدوں کی محافظ اور کشمیریوں کی عزت و ناموس کے لیے جانوں کا نذرانہ دئے رہی ہے ۔کمانڈر ان چیف جنرل راحیل شریف نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جو دلیرانہ موقف اپنایا اسے کشمیریوں کی تحریک کو نیا جذبہ ملا ۔اہل کشمیر جنرل راحیل شریف کی جرات مندانہ قیادت کو سلام پیش کرتے ہیں اور پاک فوج کو یقین دلاتے ہیں کے کشمیر کا بچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ۔

حکومت پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جو حقیقت پسندانہ موقف اپنایا اسے کشمیریوں کو بڑا حوصلہ ملا ہے ۔پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کشمیریوں سے بھرپور کمٹمنٹ نبھائی جبکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نعرہ لگایا کہ سارا کشمیر لیں گے ۔آج تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں پیپلزپارٹی کی حکومت نے حریت قیادت کی مشاور ت سے تحریک آزادی کو بین الاقوامی سطح پر موثر طریقے سے اجاگر کرنے کے لیے جو حکمت عملی اپنا رکھی ہے اس سے کشمیریوں کی آزادی کی منزل قریب آئے گی ۔

وزیر اعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجید یہاں مسٹ یونیورسٹی کے زیر اہتمام یوم آزادی پاکستان کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب کی صدارت کرنل عمران ارشد شہید کے والد پروفیسر ارشد مرزا نے کی جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی پاک آرمی کے شہدائے کے ورثاء سپاہی مشتاق احمد کے بھتیجے نعیم خالق ،سپاہی خلیل احمد کے والد ندید احمد،سپاہی محمد زمان کے بیٹے محمد صدیق ،سپاہی محمد لطیف کے والد مشتاق احمد ،محمد حنیف شہید کے بھائی اور بشارت شہید کے حاجی غلام رسول تھے ۔

تقریب سے آزادکشمیر کے وزراء کرام چوہدری محمدافسر شاہد، چوہدری پرویز اشرف ،چوہدری محمد حسین سرگالہ ،مشیر حکومت چوہدری محمد اشرف ،مشیر اطلاعات مرتضیٰ درانی اور وائس چانسلر مسٹ یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر حبیب الرحمان نے بھی خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا عظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کی حکومت نے آزادکشمیر میں پارٹی لیڈر شپ کے ویژن کو اجاگر کرتے ہوئے آزادکشمیر کے ڈویژنل ہیڈکوارٹر ز میں میڈیکل کالجز قائم کیے ۔

آزادکشمیر میں پانچ یونیورسٹیاں قائم کیں ۔کیڈٹ کالج قائم کیے ۔وویمن یونیورسٹی قائم کی۔تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کیا ۔ان تعلیمی اداروں میں میرٹ کا تقدس بحال کیا ۔میڈیکل کالجز میں غریب عوام کے بیٹے بیٹیوں ں کو میرٹ پر تعلیم کے مواقع فراہم ہوئے ۔میڈیکل کالجز میں مقبوضہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے بچوں کو مفت تعلیم دی جا رہی ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ میرپور کھڑی شریف میں بین الاقوامی نوعیت کی اسلامی یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے جبکہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف آزادکشمیر میں ملٹری کالج کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے جو جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے وہ کامیابیوں سے ہمکنار ہو کررہے گی ۔کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے کراچی میں امن قائم ہو کر رہے گا ۔امن کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے عزائم ناکام ہوں گے ۔وزیراعظم نے کہا کہ پاک چائنہ اکنامک کاریڈور پاکستان کی معاشی خوشحالی کا دامن ہے اس کے مثبت اثرات آزادکشمیر کی معاشی ترقی پر مرتب ہوں گے یہ منصوبہ مکمل ہو کر رہے گا ۔

بھارتی حکمرانوں کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی ۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارت انسانیت کا دشمن ہے جس نے ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کے حقوق غصب کر رکھے ہیں اور LOCپر بے گناہ لوگوں پر گولہ باری کر ر رہا ہے۔ امن پسند دنیا بھارت کے ان جارحانہ اقدامات کا نوٹس لے اور بھارت کو برصغیر کا امن برباد کرنے سے بعض رکھے۔