مضبوط ، متحد اور مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے ، سردار عابد حسین عابد

جمعہ 14 اگست 2015 15:52

باغ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء)آزادکشمیر کے وزیرا طلاعات سردار عابد حسین عابد نے راولاکوٹ میں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کا قومی پرچم لہرایا ۔اس موقع پر وزیر اطلاعات نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مضبوط ، متحد اور مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے ۔پاکستان کی مسلح افواج نے ضرب عضب کے ذریعے ملک سے دہشت گردی کا جو خاتمہ کیاہے اس کے لیے وہ خراج تحسین کی مستحق ہے ۔

پونچھ یونیورسٹی کے زیر اہتمام یوم آزادی پاکستان کے موقع پر منعقد ہونے والا یہ پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ہمارے بزرگوں کی قربانیون کا نتیجہ ہے کہ ہم آج آزادی کا سانس لے رہے ہیں ۔ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ایٹم بم بنایا ، میاں نوازشریف نے ایٹمی دھماکا کیا جس سے بھارت جیسے مکار دشمن کو منہ کی کھانہ پڑی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری امیدوں کا مفکر و محور ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیر قیادت نے پاکستان معرض و جود میں آیا ہے اور جو اس وقت عالم اسلام کا قائد ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اتحاد کی ضرورت ہے اور قائد کے اقوال کے مطابق ایمان ،اتحاد اور تنظیم وقت کی ضرورت ہے ۔سردار عابد حسین عابد نے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کا ضامن ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارت سے آزاد ی حاصل کرکے پوری ریاست کا الحاق پاکستان سے کریں گے ۔

تقریب سے ڈاکٹر کلیم عباسی ، ڈاکٹر دلنواز گردیزی ، پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد سلیم خان ،پروفیسر ڈاکٹر خالدمحمود ، پروفیسر ڈاکٹر محمد جمیل خان، مسعود الرحمن ڈپٹی کمشنر پونچھ ،سید مدثر حسین شاہ کے علاوہ دیگر مکتبہ فکر سیاسی ،سماجی اور مذہبی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔تقریب کے اختتام پر یونیورسٹی طلبہ کی جانب سے یوم آزادی کے حوالے سے تیار کیے گئے کیک کووزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد اور دیگر نے کاٹا جبکہ اس دن کے حوالے سے منعقدہ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں حصہ لینے اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات جن میں بلال اسلم ، اسامہ سہیل، صدف رفیق ، فائزہ اوردیگر شامل ہیں کو وزیر اطلاعات نے ٹرافیاں تقسیم کیں ۔

اس موقع پر پوری یونیورسٹی کو پاکستان اور آزادکشمیر کے قومی پرچموں سے سجایا گیا تھا ۔تقریب کے آغاز پر پاکستان اور آزادکشمیر کے قومی ترانے سنائے گئے اس موقع پر تمام شرکا ء نے کھڑے ہو کر دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی تقریب کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر محمد حبیب راٹھور نے اختتامی دعا کروائی جس میں ضرب غصب ،شہدئے کشمیراور شہدئے پشاور اور استحکام پاکستان کیلئے دعا کی ہے ۔