تعلیم بالغان‘ انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سائنسز میں کلاسز کا افتتاح‘شیڈول بھی جاری

ریاستی سطح پر مہینے کے پہلے اتوارخواتین جبکہ آخری سنڈے مردوں کی کلاسز ہونگی‘ڈویژنل سطح پر پہلے دو اتوار خواتین جبکہ آخری دو مردوں کیلئے مختص علامہ الفت سندرالوی نے افتتاح کیا‘مقررین نے پروگرام کو سراہا‘دینی تعلیم سے آگاہی نہ رکھنے والے مردوخواتین کی تربیت کرینگے‘حافظ کفایت

اتوار 16 اگست 2015 12:02

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اگست۔2015ء) المہدی فاؤنڈیشن آزادکشمیر کے زیر اہتما م انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سائنسز میں تعلیم بالغان کے حوالے سے اتوار کی کلاسز کا باضابطہ آغار کردیا گیا۔کلاسز کا شیڈول اور ٹائم ٹیبل بھی جاری کردیا گیاہے۔مردو خواتین کو تعلیم دی جائے گی۔ اس حوالے سے افتتاحی تقریب گزشتہ روز المہدی فاؤنڈیشن آزادکشمیرکے ریاستی دفتر میں منعقد ہوئی ۔

جس کے مہمان خصوصی صدرالمہدی فاؤنڈیشن پاکستان علامہ الفت حسین سندرالوی تھے ۔صدرالمہدی فاؤنڈیشن پاکستان علامہ الفت حسین سندرالوی نے کلاسز کا باضابطہ افتتاح کیا۔ صدرالمہدی فاؤنڈیشن آزادکشمیرحافظ کفایت حسین نقوی نے نئے شروع ہونیوالے پروگرام کے اغراض ومقاصدکے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے صدرالمہدی فاؤنڈیشن پاکستان علامہ الفت حسین سندرالوی‘ چیئرمین حسینی فاؤنڈیشن مولانا احمد علی سعیدی‘صدرالمہدی فاؤنڈیشن آزادکشمیرحافظ کفایت حسین نقوی‘ممبر علماء مشائخ کونسل و چیئرمین النور ویلفیئر ٹرسٹ علامہ سید فرید عباس نقوی‘صدر مرکزی انجمن جعفریہ میجر (ر) بشیر حسین شاہ کاظمی‘مولانا ممتاز علی حسینی‘رہنماء تحریک انصاف پیر مہر علی شاہ ایڈووکیٹ‘اتفاق نقوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں تعلیم بالغان کی اشد ضرورت ہے جس کو المہدی فاؤنڈیشن نے پوری کرنے کی کوشش کی اور ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کر دیا ہے۔مقررین نے فاؤنڈیشن کے ریاستی صدرحافظ کفایت حسین نقوی کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی اس پروگرام میں بھر پور تعاون کریں۔ اس موقع پر صدرالمہدی فاؤنڈیشن آزادکشمیرحافظ کفایت حسین نقوی نے نئے شروع ہونیوالے پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سائنسز المہدی فاؤنڈیشن مظفرآباد میں ریاستی وڈویژنل سطح پرہر مہینے کاپہلا اتوار خواتین کی کلاسز کیلئے مختص ہوگا۔

جبکہ آخری اتوارکو مردوں کی کلاسز ہوا کرینگی۔ضلعی سطح پر مہینے کے پہلے 2اتوار خواتین کی کلاسز کیلئے مختص کئے گئے ہیں جبکہ آخری دو اتوار مردوں کی تعلیم و تربیت ہو گی۔کلاسز صبح 8سے دن 2بجے تک ہوا کرینگی۔اس کے علاوہ دیگر مذہبی تنظیمات کیلئے یہ پلیٹ فارم حاضر ہے کہ کوئی بھی مذہبی تنظیم یا ادارہ تعلیمی ‘تربیتی پروگرام کرنا چاہے توہم اس کی میزبانی کو اپنے لئے باعث سعادت سمجھیں گے۔

حافظ کفایت حسین نقوی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ موجودہ دور میں معاشی مسائل کی وجہ سے اکثر بالغ بچے اور نوجوان دینی تعلیم سے دور رہتے ہیں ان میں بعض کو تو حلال و حرام کی تمیز بھی نہیں ہو تی ۔ ان حالات میں ایک ایسے پلیٹ فارم کی ضرورت کو محسوس کیاجا رہا تھاجہاں پر ایسے نوجوان جو مدارس سے تعلیم حاصل نہیں کرسکتے ان کیلئے ایسی ہفتہ واراور ماہانہ کلاسز منعقد کی جائیں جن کے ذریعے وہ قرآن فہمی ‘معارف شعائر اسلامی ‘ سیرت اہلبیت کے تناظر میں اصلاح اخلاق ‘ احکام شناسی جیسے دیگر اہم موضوعا ت سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے صحیح اسلامی اصولوں کے مطابق اپنے دیگر علمی وعملی معمولات زندگی کو جاری رکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ المہدی فاؤنڈیشن پاکستان کے تعاون سے اس خلاء کو پُر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سائنسز المہدی فاؤنڈیشن آزادکشمیر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔اب ریاستی‘ڈویژنل اور ضلعی سطح پر خواتین اور مردوں کی باضابطہ کلاسز کا آغاز کردیا گیا ہے۔کلاسز میں ماہرین تعلیم علمائے کرام اور عالمات سے استفادہ کیا جائے گا۔حافظ کفایت حسین نقوی نے مزید کہا کہ مستقبل میں اس طرز کے مراکز آزادریاست کے تما م اضلاع میں قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :