ہم اپنے رہنماؤں کی وطن کی آزادی کے لئے کی گئی جدوجہد کو ہی منزل کے حصول کا ذریعہ بنا کر کامیابی حاصل کر سکتے ‘محمد عظیم دت ایڈووکیٹ

اتوار 16 اگست 2015 12:04

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اگست۔2015ء)جموں کشمیر محاذ رائے شماری کے سابق صدر محمد عظیم دت ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ہم اپنے رہنماؤں کی وطن کی آزادی کے لئے کی گئی جدوجہد کو ہی منزل کے حصول کا ذریعہ بنا کر کامیابی حاصل کر سکتے ہیں ہمارے اسلاف نے نہ صرف وطن کی آزادی کے لئے مہاراجہ ہری سنگھ کی شخصی حکومت کے خلاف منظم تحر یکیں چلائیں اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کئیں بلکہ کئی اکابرین نے پھانسیاں تک قبول کر لیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکٹر بی فور میں قاضی محمد مشتاق کی رہائش گاہ پر الحاج وہاب الدین کی 41 ویں برسی جو 28 اگست بروز جمعہ المبارک ممتاز بینکویٹ ہال میں شام 7:00 بجے منائی جائے گی کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس سے محمد آفتاب انصاری، محمد صغیر انجم، قاضی محمد اشفاق نیویارک، حمزہ،قاضی عمیر، فرحت انصار ی اور سٹوڈنٹس رہنما سعد صابر انصاری نے بھی خطاب کیا عظیم دت نے کہا مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کچھ تبدیلیاں محسوس کی جا رہی ہیں ان حالات میں پوری قوم کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا انہوں نے کہا قبل ازیں ریاست کی دونوں طرف کی سیاسی جماعتیں اور رہنما اس با ت پر متفق ہو چکے تھے کہ ریاست جموں کشمیر کو کم از پندرہ سال کیلئے ادارہ اقوام متحدہ کی تحویل میں دے دیا جائے اور اس کے بعد رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائے اور ماضی بعید میں حکومت پاکستان نے بھی اس طریقہ کار کا مطالبہ کیا تھااب ہندوستان کی سازش کو ناکام بنانے کے لئے کسی ایک نقطہ پر اتفاق رائے کرنا ہو گا انہوں نے کہا الحاق پاکستان بھی آزادی کے بعد ہی ہو گا اگر یہ نعرہ اور نظریہ رکھنے والے چاہتے ہیں کہ اس پر عمل ہو تو اس سلسلہ میں کوئی پیش رفت کر نی وقت کی ضرورت ہے انہوں نے کہا سیاسی پارٹیوں پر قومی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کوئی مشترکہ لا ئحہ عمل اختیار کر کے عالمی سطح پر رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لئے کوششیں تیز کر دیں اس مقصد کے لئے محاذ رائے شماری نوجوانوں کو سیاسی تربیت دینے کے لئے مرحومین کے دن منا کر ان کی جدوجہد سے آگاہ کرنا چاہتا ہے۔