آزاد جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کا تعزیتی اجلاس‘کرنل (ر)شجاع خانزادہ اور جنرل حمیدگل کی وفات پر اظہار افسوس

پیر 17 اگست 2015 13:33

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء)آزاد جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کا تعزیتی اجلاس ہوا۔اجلاس میں سابق وزیر حکومت پیر سید غلام مرتضیٰ گیلانی،دیوان علی خان چغتائی،شمیم علی ملک،مفتی منصور الرحمان،راجہ ثاقب مجید،میر عتیق الرحمان،سید صداقت حسین شاہ،سمعیہ ساجد،خواجہ محمد شفیق،سید اظہر گیلانی،عنصر پیرزادہ،سید یاسر نقوی،اعجاز عباسی،سید غلام مصطفیٰ شاہ،سجاد انور عباسی،شیخ مقصود احمد،ہارون آزاد،شیخ خورشید انور،خواجہ نعمان عزیز،ریاض بلاجی،قیاص الدین کھوکھر،راجہ افتخار اکرم،نور الزمان اوردیگر نے جنرل ریٹائرڈ حمید گل کے انتقال پر اور پنجاب کے صوبائی وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ اور دیگر ساتھیوں کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا گیااور دعائے مغفرت کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمقررین نے کہا کہ جنرل حمید گل کشمیری عوام کے محسن تھے۔حمید گل کی وفات سے تحریک آزادی کشمیر ایک سفیر اور توانا آواز سے محروم ہو گئی ہے۔جنرل حمید گل کی موت کو آزادی اور اپنے حقوق کے لیے لڑنے والے ایک بڑا صدمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نڈر بے پاک اور پاکستان اور اسلام سے محبت کرنے والے بہادر جنرل تھے۔جن کی کمی ہر ایک محب وطن پاکستانی محسوس کرے گا۔ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کی وفات المیہ ہے۔حمید گل پاکستان کی بقاء اور سالمیت کے ضامن تھے۔کشمیر کی آزادی کے زبردست حامی اور کشمیریوں کے خیر خواہ تھے۔مسلم کانفرنس مجاہداول اور جنرل حمید گل کے مشن کو جاری رکھے گی۔ان کی اچانک وفات سے تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔