تنظیم غیر جریدہ لوکل کونسل ملازمین میونسپل کارپوریشن میرپور کی ہڑتال چوتھے روز میں داخل ہو گئی

دفاتر کی مکمل تالہ بندی کے باعث شہری خوار ، ملازمین کارپوریشن صبح ہی دفتروں کو تالہ لگا کراحتجاجی مظاہرہ

منگل 18 اگست 2015 16:42

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء) آزادکشمیر کے دیگر بلدیاتی اداروں کی طرح تنظیم غیر جریدہ لوکل کونسل ملازمین میونسپل کارپوریشن میرپور کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری ۔ دفاتر کی مکمل تالہ بندی کے باعث شہری خوار ، ملازمین کارپوریشن صبح ہی دفتروں کو تالہ لگا کراحتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے احاطہ کارپوریشن میں جمع ہو گئے۔ احتجاجی مظاہرین کی قیادت نگران اعلیٰ چوہدری محمد آصف ،صدر تنظیم مرزا عبدالبشیر جرال، جنرل سیکرٹری راحیل احمد بٹ اور دیگر تنظیمی عہدیداران نے کی۔

ملازمین احتجاجی مظاہرے کے دوران پنشن کنٹری بیوشن کی کٹوتی نامنظور،ظلم و ستم ۔ ہائے ہائے ، ہُن کی کرساں ۔پھُکے مرساں ، سیکرٹری گورنمنٹ ۔ ہائے ہائے اور اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرہ بازی کررہے تھے۔

(جاری ہے)

مقررین نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے لوکل کونسل ملازمین کے ساتھ سوتیلی ماں جیسے رویہ کی شدید مزمت کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر اوروزیر بلدیات آزادکشمیر سے پنشن کنٹری بیوشن کے نام پر کی جانے والی کٹوتی کے نوٹیفکیشن کی فلفور منسوخی کا مطالبہ کیا ۔

مقررین نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کو لاوارث نہ سمجھا جائے اور انہیں چار ماہ کی پنشن کے بقایاجات کی یکمشت ادائیگی کی جائے ۔ نوٹیفکیشن کی منسوخی اور پنشن کے بقایا جات کی یکمشت ادائیگی تک ہڑتال اور احتجاج جاری رہے گا بلکہ اس میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید شدت لائیں گے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور لوکل کونسل ملازمین پر رحم کھاتے ہوئے ظالمانہ نوٹیفکیشن کو منسوخ کریں ان خیالات کا اظہار صدر تنظیم مرزا عبدالبشیر جرال نے احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوکل کونسل ملازمین کے مطالبات جائز اور اصولی ہیں جن سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔