آئندہ نسلوں کی فکری وذہنی تربیت کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جانے کی اشد ضرورت ہے،چوہدری عبدالمجید

بدھ 19 اگست 2015 16:20

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ پاکستان اس وقت تاریخ کے جس مشکل دور سے گزر رہا ہے اس وقت ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کی فکری وذہنی تربیت کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جانے کی اشد ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کے نظریے وعقیدے کا حصہ ہے پاکستان کے استحکام اور سلامتی کے لیے کشمیری عوام ہر قسم کی قربانی دینے کا عزم رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ آزادجموں وکشمیر کی تمام جامعات میں 3ستمبر 2015کو (تحریک آزادی کشمیر) (ریاست کے شہریوں کے حق خودارادیت) اور (جذبہ حب الوطنی اور پاکستانیت) کے موضوعات پرسیمنارز منعقد کروائے جائیں جامعات میں منعقد ہونے والے ان سیمنارز کی بھرپور تشہیر کروائی جائے تاکہ نوجوان نسل نظریہ الحاق پاکستان سے بہتر آگاہی حاصل کرسکے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آزادکشمیر کے تمام بوائز اور گرلز ڈگری کالجز میں بھی ان موضوعات پر سیمنارز منعقد کروائے جائیں۔ ان سیمنارز میں وزراء کرام اہم سرکاری وسیاسی شخصیات کی شرکت کو یقینی بنایا جائے ۔