کل جماعتی حریت کانفرنس کا سرحدی کشیدگی اور جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار

بھارت اور پاکستان کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکراتی عمل شروع کریں ‘ترجمان کا بیان

بدھ 19 اگست 2015 16:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر جاری کشیدگی کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گولہ باری کے نتیجے میں مظلوم کشمیریوں کا خون بہہ رہا ہے اور لوگ بڑی تعداد میں نقل مکانی پر مجبور ہور ہے ہیں۔

حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ حریت کانفرنس متعددبار اس بات کا اعادہ کر چکی ہے کہ مسئلہ کشمیر کی موجودگی دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری کشیدگی اور موجودہ سرحدی تناؤ کی بنیادی وجہ ہے۔انہوں نے کہاکہ اس مسئلہ کی وجہ سے ماضی میں بھی بھارت اور پاکستان کے درمیان کئی جنگیں ہو چکی ہیں اور آج بھی دونوں ممالک حل طلب مسئلہ کشمیر کی وجہ سے حالت جنگ میں ہیں۔

(جاری ہے)

حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہاکہ بھارت کی سیاسی قیادت کو اس حقیقت کو تسلیم کرنا چاہئے کہ 1947 سے پاکستان کے ساتھ مخاصمانہ تعلقات کی بنیادی وجہ صرف مسئلہ کشمیرہی ہے اور جب تک اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے سیاسی جرات مندی کا مظاہرہ نہیں کیا جاتا، خطے میں تناؤ اور کشیدگی ختم نہیں ہو سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے کروڑوں عوام کے محفوظ مستقبل اور ترقی و امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل نا گزیر ہے لہٰذا دونوں ممالک کی قیادت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس دیرینہ تنازعہ کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے کشمیری قیادت کو اعتماد میں لیں اور نتیجہ خیز اور بامعنی مذاکرتی عمل کا آغاز کریں ۔