کرپٹ حکومت سے نجات کا وقت قریب آن پہنچا ہے،شیخ سراج منیر

جمعرات 20 اگست 2015 16:56

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء)مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے رہنما شیخ سراج منیر نے کہا ہے کہ کرپٹ حکومت سے نجات کا وقت قریب آن پہنچا ہے‘ آزادکشمیر کے اندر برادری ازم ‘اقرباء پروری ‘میرٹ پامالی‘ کرپشن کے خاتمہ کیلئے عوام آمدہ انتخابات کے اندر مسلم لیگ ن کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروا کر اپنے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار شیخ منیر نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دارالحکومت مظفرآباد کی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہیں‘ لوہار گلی اور کہوڑی پٹہکہ مین شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ تین کی آسامیوں کو دوسرے اضلاع میں منتقل کیا جارہا ہے جو ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناانصافیوں کے خاتمے اور عوامی محرومیوں کے ازالہ کیلئے ن لیگ کا اقتدار میں آنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ قائد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں جلد مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہوگی اور عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونگے۔