مذاکرات سے انکار ، واضح ہوگیا ہندوستانی قیادت کشمیریوں کا حق خودارادیت تسلیم کرنے کو تیار نہیں ‘پیر اعجاز ہاشمی

ہفتہ 22 اگست 2015 20:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء)جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے مذاکرات سے انکار سے ثابت ہوگیا کہ اسے کشمیر میں جاری تحریک آزادی اور حریت رہنماوں سے پاکستانی قیادت کی ملاقاتوں کی کتنی تکلیف ہے اور متعصب ہندوستانی قیادت کشمیریوں کوحق خود ارادیت نہیں دینا چاہتی۔ کارکنوں کے وفود سے گفتگو میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کی ریاستی پالیسی کشمیریوں کی سفارتی اور سیاسی حمایت سے بھر پور ہے۔

(جاری ہے)

جس سے پیچھے ہٹا نہیں جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ مذاکرات کا ڈھونگ دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے اور پاکستان کی اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے رچا یا ہے۔سیاسی اور عسکری قیادت کی کشمیر ایشو پر یکسوئی سے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ مقبوضہ کشمیرکی کٹھ پتلی متنازع قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کودعوت سے ا نکار کے بعد دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کے خاتمے کے اعلان سے کشمیر یوں پر حکومت کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور عالمی سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کرنے میں مدد بھی ملی ہے۔