مقبوضہ کشمیر :بھارتی فوجی ایجنٹوں کے ہاتھوں لیکچرار قتل

بدھ 26 اگست 2015 14:52

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء)مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی مسلح ایجنٹوں نے ایک لیکچرار جاوید احمدخان کو گولیاں مار کر قتل کردیاہے۔یجنٹوں نے ضلع میں اونتی پورہ کے علاقے کھانڈے پورہ میں جاوید احمد خان کے گھر میں زبردستی داخل ہو کر اسے قتل کردیا۔ ایک پولیس افسر نے میڈیا کو بتایا کہ جاوید کو 2010میں مجاہدین کے ساتھ رابطوں کے الزام میں گرفتار کیاگیا تھا اورکالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت دو برس تک نظربند رکھا گیا تھا ۔

جاوید احمد ایک پرائیوٹ بی ایڈ کالج اونتی پورہ میں لیکچرار تھااورگزشتہ سال فروری میں فائرنگ کے ایک واقعے میں محفوظ رہا تھا ۔ جاوید کے بھائی غلام محمد کو بھارتی فوجیوں نے 2002میں شہید کردیا تھا ۔ادھرضلع کولگام کے علاقوں کیموہ اور کھڈونی میں بھارتی فوجیوں اورپولیس اہلکاروں کی طرف سے نوجوانوں کی گرفتاری کیخلاف مسلسل پانچویوں روز بھی ہڑتال کی گئی اور اس موقع پر فوجیوں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے پرتشدد کارروائی کے دوران متعدد نوجوان زخمی ہو گئے۔ علاقے میں احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے کئی مقامات پر بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیاتھا ۔مظاہرین کی طرف سے کولگام اسلام آباد سڑک پر دن بھر پتھراؤ کیا گیا جبکہ پولیس کی طرف سے آنسو گیس کی شیلنگ جاری رہی ۔دریں اثناء بھارتی پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ کی طرف سے ایک لڑکی کو ہراساں کرنے کے خلاف پلوامہ میں پولیس کے تشدد میں ایک معمر شخص سمیت دو افراد زخمی ہو گئے ۔ ضلع میں تمام دکانیں ، تجارتی مراکز اور پیٹرول پمپ بند رہے اور گاڑیوں کو آمد ورفت معطل رہی