کابینہ ترقیاتی کمیٹی نے راولاکوٹ چک ،نئے ہسپتال کی تعمیر ،1122کیلئے مزید سٹاف کی منظوری دیدی ہے،سردار عابد حسین عابد

بدھ 26 اگست 2015 16:21

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء)آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد نے کہا ہے کہ کابینہ ترقیاتی کمیٹی نے راولاکوٹ چک نئے ہسپتال کی تعمیر اور ایمر جنسی سروس 1122کیلئے مزید سٹاف کی منظوری دے دی ہے ۔نئے ہسپتال کے قیام سے لاکھوں افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات بھی ملیں گی پیپلز پارٹی کی حکومت نے میگا پراجیکٹس کے ذریعہ عوام کی معاشی تقدیر بدلنے کا تہیہ کر رکھا ہے ۔

وہ بدھ کے روز یہاں کابینہ کی ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد اپنے چمبر میں عوامی وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد نے کہا ہے کہ چک ہسپتال میڈیکل کالج پونچھ کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولت بھی دے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ سی ڈی سی سے منظوری کے بعد منصوبہ پر جلد عملدرآمد شروع ہو جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ہنگامی حالات میں سروس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے راولاکوٹ کے اندر1122کیلئے مزید سٹاف کی منظوری دیدی گئی ہے ۔وزیرا طلاعات نے کہا کہ پونچھ کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے حکومت فراخدلانہ وسائل کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے ۔وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد نے کہا کہ 1122کی سروس مزید بہتر اور معیاری ہونے سے قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی صورت حال سے بہتر انداز میں نمٹنے میں مدد ملے گی اور لوگوں کو مشکل حالات سے نمٹنے میں آسانیاں ہو ں گی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے ہر دور اقتدار میں غریبوں کو روزگار کے مواقع دیئے اور تعمیر و ترقی کا عمل تیز کیا اور غریبوں کی خوشخالی کیلے منصوبے بنائے ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیرا عظم چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں آزاد کشمیر کی ترقی و خوشخالی کا سفر جاری رہے گا۔