فورم سید علی گیلانی کی آزادی پسند رہنماء کی بلا جواز نظربندی اور اہلخانہ کیساتھ پولیس کے غیر شائستہ سلوک کی مذمت

پولیس اہلکار اہلخانہ کو اسد اللہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دے رہے ہیں ‘ ترجمان کا بیان

جمعرات 27 اگست 2015 14:58

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء)مقبوضہ کشمیرمیں بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم نے آزادی پسند رہنماء اسد اللہ پرے کی مسلسل بلا جواز نظربندی اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے ان کے اہلخانہ کے ساتھ توہین آمیز سلوک اور انہیں ملاقات کی اجازت نہ دینے کی شدید مذمت کی ۔ فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ فورم اور مسلم لیگ کے اہم ذمہ دار اسد اللہ پرے کو گزشتہ کئی دنوں سے بلا جواز طورپر سنبل پولیس اسٹیشن میں نظربند رکھا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے جبکہ پولیس اہلکار ان کے اہلخانہ کو بھی اسد اللہ سے ملاقات کی نہ صرف اجازت نہیں دے رہے ہیں بلکہ ان کے ساتھ توہین آمیز سلوک روا رکھا جارہا ہے۔

فورم نے پولیس کی بدتمیزی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس اہلکاروں کے غیر آئینی اور غیر اخلاقی رویہ اور سرگرمیوں کی باضابطہ ڈاکومینٹیشن کراکر ان کو انسانی حقوق کے سرگرم اداروں کے نوٹس میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ گزشتہ روز اسد اللہ پرے کی معصوم بچیاں اور عمر رسیدہ ماں ان سے ملاقات کیلئے پولیس اسٹیشن گئے تھے وہاں پولیس اہلکاروں نے نہ صرف ان کے ساتھ ناشائستہ اور دھمکی آمیز زبان استعمال کی بلکہ ان سے کھانے کا ڈبہ بھی لیکر پھینک دیا گیا جو وہ والد کیلئے لے کر گئی تھیں اور انہیں دھمکی دی گئی کہ اسد اللہ کو سبق سکھایا جائے گا۔