مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے رات کے وقت چھاپوں اور گرفتاریوں کی مذمت

بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے نہتے کشمیریوں پرمظالم کا سلسلہ حد سے تجاوز کر چکا ہے ‘ حریت کانفرنس

جمعرات 27 اگست 2015 14:58

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء)مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ علاقے کے مختلف حصوں میں رات کے وقت چھاپوں اور نوجوانوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کھڈونی ، کولگام ، پٹن اور پلوامہ میں بڑے پیمانے پر نوجوانوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ نے ان علاقوں میں نوجوانوں کی گرفتاریوں، محاصروں اور شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر کے ریاستی دہشت گردی کا ماحول قائم کر رکھا ہے۔

ترجمان نے کہاکہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے نہتے کشمیریوں پرمظالم کا سلسلہ حد سے تجاوز کر چکا ہے جس سے ان علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کے علاوہ معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور لوگ شدیدخوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔