شبیر احمد ڈار ، محمد اقبال میر اور محمد احسن انتو کی طرف سے کمسن بچوں کی گرفتاری کی مذمت

اتوار 30 اگست 2015 14:18

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 اگست۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں شبیر احمد ڈار ، محمد اقبال میر اور انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن انتو نے جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں کمسن اور معصوم بچوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سرینگر سے جاری ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ جب سے بھارتیہ جنتا پارٹی اور پی ڈی پی کی مخلوط کٹھ پتلی حکومت برسر اقتدار ا ٓ ئی ہے ،کشمیریوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے شبانہ چھاپوں اورکریک ڈاؤنوں کے ذریعے علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پیداکررکھاہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مفتی سعید کی قیادت میں کٹھ پتلی حکومت کی اصلی بھاگ ڈور دلی اور سنگ پریوار کے ہاتھوں میں ہے اور بھارت اپنے فوجی قبضے کو دوام بخشنے کیلئے کشمیریوں کو ظلم وستم کا نشانہ بنارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ا قوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور انسانی حقو ق کی دیگر عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر پر ہونی والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کانوٹس لیں اور ان کو بند کرانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مسئلے کے مستقل حل تک موجودہ پالیسی کا تسلسل برقرار رہے گا۔