قابض افواج نے مقبوضہ علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کررکھا ہے، آسیہ اندرابی

پیر 31 اگست 2015 16:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء)مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے سرینگر میں بھارتی پولیس کی طرف سے لوگوں پر تشدد کرنے اورنوجوانوں کو گرفتارکرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض فورسز بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور انہوں نے نوجوانوں کو نشانہ بناکر علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کر رکھا ہے ۔ ایک بیان میں آسیہ اندرابی نے کہا کہ ضلع کولگام کے بعد اب سرینگر شہر میں شبانہ گرفتاریوں اور پرتشدد کارروائیوں کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ۔

آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ گولی نہیں بولی کا نعرہ لگاکر لوگوں کا استحصال کرنے والوں نے بھارتی فورسز کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور یہ فورسز خود کو کسی بھی طرح کی جوابدہی سے مستثنیٰ سمجھتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسزنوجوانوں کو پکڑ کر نزدیک سے گولیاں مار دیتے ہیں اور صراف کدل میں سجاد احمد نامی نوجوان کا واقعہ اس کی تازہ مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی حکومت آر ایس ایس کے ہاتھوں میں ہے جبکہ نام نہاد ریاستی حکمران اقتدار کے لئے سب کچھ قربان کر چکے ہیں۔آسیہ اندرابی نے کہا کہ ایک طرف لوگوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں اور دوسری طرف انہیں مظالم کے خلاف آوازبھی نہیں اٹھانے دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم لوگوں کو تحریک آزادی سے دور نہیں کر سکتی ہیں بلکہ ان سے آزادی کے لیے لوگوں کے ارادے مزید پختہ ہوجائیں گے۔