جموں اورکشمیر کو ایک دوسرے سے الگ کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی، مسلم دینی محاذ

پیر 31 اگست 2015 16:44

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں مسلم دینی محاذ نے کہا ہے کہ جموں اورکشمیر کو ایک دوسرے سے الگ کرنے کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی بلکہ وہ جسد واحد کی طرح ہمیشہ ایک ساتھ رہیں گے۔ سرینگر سے جاری ایک بیان میں دینی محاذ کے ترجمان نے کہا کہ پارٹی کے جنرل سیکرٹری محمد مقبول بٹ کی قیادت میں ایک وفد نے جموں خطے کی وادی چناب کا دورہ کیا اور جموں کے مسلمانوں کو یقین دلایا کہ کشمیر ی عوام ان کی قر بانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور نہ انہیں ہندو فرقہ پرستوں کے رحم وکرم پر بے یارو مدد گارچھوڑدیں گے۔

اس موقع پرانہوں نے کہا کہ دونوں خطوں کے لوگ ہمیشہ سے ایک دوسرے کے دکھ و درد اور خوشی و مسرت میں شریک رہے ہیں اور آئندہ بھی یہ ایک دوسرے کے ساتھ رہیں گے ۔

(جاری ہے)

وفد میں پارٹی رہنما نثاراحمد، شکیل احمد ٹھوکر ،عاشق حسین بٹ اور ماسٹر نذیر احمد شامل تھے ۔ دریں اثناء مسلم دینی محاذ کے ترجمان نے وادی کشمیر کے طول و عرض میں بھارتی فوج اور پولیس کی طرف سے لوگوں کے گھروں پرچھاپوں، گرفتاریوں اور عام شہریوں پرگولیوں اورپیلٹس کے بے دریغ استعمال کو ظلم و بربریت کی بد ترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان ظالمانہ حربوں سے اسلام و آزادی کے لیے جاری جدوجہد کمزور نہیں ہوگی بلکہ اس سے کشمیریوں کے جذبوں کونیا ولولہ ملے گا۔