ین ایس ایف کشمیری طلباء کی واحد انقلابی تنظیم ہے جس کا مقابلہ کوئی حکومت نہیں کر سکتی‘محمد عظیم دت

ہفتہ 5 ستمبر 2015 13:05

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء)جموں کشمیر نیشنل اسٹوڈ نٹس فیڈریشن اور جموں کشمیر محاذ رائے شماری کے سابق صدر محمد عظیم دت ایڈووکیٹ نے مظفرآباد میں این ایس ایف اور دیگر طلباء پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی مو جودہ حکومت طلباء کے خلاف فسطائی ہتھکنڈے استعمال کر کے اپنی بغل بچہ تنظیم کو طلباء میں مضبوط کرنا چاہتی ہے جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہو گی انہوں نے کہا این ایس ایف کشمیری طلباء کی واحد انقلابی تنظیم ہے جس کا مقابلہ کوئی حکومت نہیں کر سکتی انہوں نے کہا این ایس ایف نے ہی میرے دورِ صدارت میں ذولفقار علی بھٹو کے دورہ میرپور کے دوران1974 میں احتجاجی مظاہرہ کیا تھا اور مجھ سمیت درجنوں طلباء گرفتار ہوئے تھے جنہیں خود ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے جانے کے بعد رہا کرنے کا حکم دے دیا تھااور آزاد کشمیر کو پاکستان کا پانچواں صوبہ نہ بنانے کا اعلان بھی کر دیا تھا انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے موجودہ وزیر اعظم نے ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دینے والے ڈکٹیٹر حکمران کا دن منایا تاکہ فوج کی حمایت حاصل ہو سکے اور حکومت بچ جائے ایسے اقدامات ایک با شعور سیاسی کارکن کے لئے باعث شرم ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں طلباء اور سیاسی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر این ایس ایف کے عبدالرؤف کھوکھر، رضا انور، محمد عمران، جے کے ایس ایل ایف کے سعد انصاری ، محاذ کے مرزا محمد سلیم، میاں محمد شفیق، میاں محمد فاروق، چوہدری راشد محمود، گلنار احمد، انیس خالد مغل اور دیگر رہنما بھی موجود تھے عظیم دت نے کہا اگر میری آج بھی عمر بیس سال ہوتی تو میں اس موقع پر اسمبلی پر اسی طرح قبضہ کر لیتا جس طرح ہم نے ریاست کی تاریخ میں پہلی اور آخری بار ایس پی آفس میر پور پر طلباء پر گولیاں چلانے پراحتجاجا قبضہ کر لیا تھا انہوں نے اس موقع پر بھارت کی طرف سے آئے روز سیز فائر لائن کی خلاف ورزیا ں کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اس کا سنجیدگی سے نوٹس لے او ر ادارہ اقوام متحدہ میں درخواست دے کہ ہندوستان اس ادارہ میں منظور شدہ قرار داوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے جسے اس نے خود بھی تسلیم کر رکھا ہے انہوں نے کہا حکومت پاکستان یو این او سے مطالبہ کر ے کہ وہ پوری ریاست جموں کشمیر کو اپنی ٹرسٹی شپ لے کر کچھ عرصہ بعد حق خود ارادیت کے تحت رائے شماری کے ذریعے کشمیری قوم کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دے جس کو ہندوستان نے بھی تسلیم کر رکھا ہے عظیم دت نے کہا اس طرح افواج پاکستان کو سات سو میل سرحد سے چھٹکا را مِل جائے گا اور اپنی سرحدوں پر ہندوستان سے خوب مقابلہ کیا جا سکے گا۔