موجودہ حکومت قانون وآئین کی بالادستی پریقین رکھتی ہے، چوہدری پرویز اشرف

پیر 7 ستمبر 2015 16:54

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء)آزادکشمیرکے وزیرہاؤسنگ وفزیکل پلاننگ چوہدری پرویز اشرف نے کہاہے کہ موجودہ حکومت قانون وآئین کی بالادستی پریقین رکھتی ہے۔ آزادجموں وکشمیر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس محمداعظم خان کی ہدایات پرنہ صرف آزادجموں وکشمیر سپریم کورٹ مظفرآباد کی نئی بلڈنگ تعمیرکررہے ہیں بلکہ سپریم کورٹ میرپورکے اضافی بلڈنگ بھی بنارہے ہیں۔

ہائی کورٹ وشریعت کورٹ کے سرکٹ بنچ میرپورکی بلڈنگ جدیداورخوبصورت بلڈنگ بنائیں گے جس کاسنگ بنیاد رکھ دیاگیاہے اس طرح بھمبرمیں جوڈیشل کمپلیکس مکمل ہوچکاہے ۔ کوٹلی اور میرپور میں جوڈیشل کمپلیکس اور ڈسٹرکٹ کمپلیکس بھی تعمیرکریں گے۔ میرپورمیں ہائی کورٹ کے ریسٹ ہاؤس کی تعمیرتک پی ڈبلیوڈی ریسٹ ہاؤس کی نئی بلڈنگ میں ہائی کورٹ کے ججزصاحبان کے لیے الگ کمرہ جات مختص کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجید اور میں خود وکیل ہیں جس کے باعث آزادکشمیرمیں عدالتوں کے احترام سے لیکران کی کورٹس روم سمیت دیگرتمام ضروریات پوری کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ آزادکشمیرسپریم کورٹ کی نئی بلڈنگ جدیدتقاضوں کے مطابق تعمیرکی گئی ہے جبکہ ہائی کورٹ کی بلڈنگ کی مرمتی بھی کی جارہی ہے۔ سپریم کورٹ ریسٹ ہاؤس میرپورکی شاندارعمارت مکمل ہوچکی ہے۔

انھوں نے کہاکہ اگرمیں وکیل نہ ہوتاتوممبراسمبلی اور وزیرنہ ہوتا۔ بارکے پلیٹ فارم سے بڑے بڑے نام پیداہوئے ہیں۔ ہماری حکومت باراوربنچ کا احترام کرتی ہے اور سستے انصاف کی فراہمی پریقین رکھتی ہے۔ان خیالات کااظہارانھوں نے یہاں ہائی کورٹ وشریعت کورٹ سرکٹ بنچ میرپورکے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی آزادجموں وکشمیرسپریم کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس محمداعظم خان تھے جبکہ صدارت آزاد جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس غلام مصطفی مغل نے کی۔

وزیرہاؤسنگ چوہدری پرویز اشرف نے کہاکہ حکومت جہاں کہیں سرکاری بلڈنگ تعمیرکروارہی ہے اس کے معیار پرکوئی کمپرومائزنہیں کیاجارہاہے۔ وکلاء سمیت عام شہری بھی ان منصوبوں کی پڑتال کرسکتے ہیں۔اگرحکومتی منصوبوں میں کوئی کمی کوتاہی ہوتواس کی اطلاع کریں تاکہ اسے فوری دورکیاجاسکے۔ انھوں نے کہاکہ محترمہ بے نظیربھٹو شہید میڈیکل کالج میرپورکی بلڈنگ کی تعمیرکے لیے پانچ کروڑ پچیس لاکھ روپے کی رقم آج کل سیکرٹری PPH کومل جائے گی۔انھوں نے کہاکہ ہائی کورٹ وشریعت کورٹ سرکٹ بنچ میرپورکے ساتھ ساتھ میرپوراورکوٹلی میں جوڈیشل وڈسٹرکٹ کمپلیکس تعمیرکریں گے۔