کامیاب ہڑتال پر کشمیری عوام کے شکر گزار ہیں ‘تاجررہنماؤں کی گرفتاریاں شرمناک ہیں،عمر عبداللہ

کشمیری قوم نے سیاست سے بالاتر ہوکر ایک سخت پیغام دیا ہے ‘کٹھ پتلی سابق وزیر اعلیٰ کا بیان

منگل 8 ستمبر 2015 16:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء)مقبوضہ کشمیرمیں سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کو آمر قرار دیتے ہوئے تاجر رہنماؤں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے ۔ عمر عبداللہ نے سرینگر میں سماجی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری ایک پیغام میں گزشتہ برس کے تباہ کن سیلاب کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر احتجاج اورہڑتال کے دوران تاجر لیڈروں کی گرفتاری کو شرمناک قراردیا ۔

انہوں نے کہاکہ مفتی محمد سعید کو تانا شاہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں اس بات کا یقین تھا کہ لوگ سرکاری پروگراموں میں شرکت کرینگے تو وہ ان گرفتاریوں کی ہدایت نہیں دیتے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ لوگ سیلاب زدگان کیلئے کسی بھی پیکج نہ دیئے جانے کے خلاف احتجاج اور ہڑتا ل کرنا چاہتے تھے ۔

(جاری ہے)

ادھرنیشنل کانفرنس نے کامیاب ہڑتال کرکے یکجہتی کا مظاہرہ کرنے پر تاجر انجمنوں، ٹریڈز فیڈریشنوں، کاروباری اداروں، دکانداروں، ٹرانسپوٹروں ، سیاسی اور سماجی انجمنوں، خصوصاً کشمیری عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

نیشنل کانفرنس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ کامیاب ہڑتال اور احتجاج کر کے کشمیری عوام نے سیلاب زدگان کی بحالی میں بھارتی حکومت اور کٹھ پتلی انتظامیہ کی غفلت شعاری پر غم و غصہ کا اظہارکیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم نے سیاست سے بالاتر ہوکر ایک سخت پیغام دیا ہے اور مفتی و مودی سرکاروں کو ہوش کے ناخن لیکر کشمیر ی سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔