سیلاب زدگان کی بحالی میں ناکامی پر بھارت اور کٹھ پتلی انتظامیہ پر شدید تنقید

بھارت نے نہ خود مدد کی اورنہ ہی کسی بین الاقوامی امداد کی اجازت دی، انجینئررشید

منگل 8 ستمبر 2015 16:25

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء)مقبوضہ کشمیرمیں نا م نہاد اسمبلی کے آزاد رکن انجینئر عبدالرشید نے کہاہے کہ مقبوضہ علاقے میں بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی حکومت نے خود سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے کسی امدادی پیکج کا اعلان کیا اور نہ ہی کسی بین الاقوامی تنظیم یا ہمسایہ ملک کو کشمیریوں کی مدد کی اجازت دی ۔

انجینئر رشید نے قاضی آباد لنگیٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور نیشنل کانفرنس بھارت نواز دونوں جماعتوں نے گزشتہ سال کے سیلاب زدگان کی بحالی کے سلسلے میں رچائے جانے والے ڈرامے کے ذریعے بھارت کو راہ فرار فراہم کی ہے کیونکہ نہ تو بھارت نے خود سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے کسی امدادی پیکج کا اعلان کیا اور نہ ہی کسی بین الاقوامی تنظیم یا ہمسایہ ملک کو کشمیریوں کی مدد کی اجازت دی ۔

(جاری ہے)

اْنہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو ہرگز بھارت کے روئیے سے دلبرداشتہ نہیں ہونا چاہے۔انجینئر رشید نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ سیلاب زدگان کی طرف بھارتی حکومت کی بے حسی کا سخت نوٹس لے ۔تقریب میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر مقررین نے بھارتی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے گزشتہ ایک برس کے دوران متاثرین سیلاب کے زخموں پر نمک چھڑکنے اوراْنہیں رسوا کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔