ایرا زلزلہ متاثرہ علاقوں کے عوام کے لئے مرتب کئے گئے تمام منصوبے مکمل کرنے کیلئے کوشاں ہے ،بریگیڈئر ابو بکر امین باجوہ

بدھ 9 ستمبر 2015 16:25

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء)قائمقام ڈپٹی چیئرمین ایرا بریگیڈئر ابو بکر امین باجوہ نے کہا ہے کہ ایرا زلزلہ متاثرہ علاقوں کے عوام کے لئے مرتب کئے گئے تمام منصوبے مکمل کرنے کیلئے کوشاں ہے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کی جلداز جلد تکمیل میری دلی خواہش ہے تعلیمی اداروں کی تعمیر کیلئے بلاتعطل مالیاتی وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے گا ،زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو منصوبوں پر کام کرنے والی تعمیر اتی کمپنیاں کام کی رفتا ر کو تیز کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں ،زلزلہ متاثرہ علاقوں میں منصوبوں کی تعمیر کیلئے ڈونرز سے بروقت فنڈز حاصل کرکے تعمیراتی کمپنیوں کو فراہم کریں گے۔

ان خیالات کااظہار قائمقام ڈپٹی چیئرمین ایرا بریگیڈئر ابو بکر امین باجوہ نے سعودی عرب کے تعاون سے زیر تعمیر کنگ عبداللہ یونیورسٹی چھتر کلاس کے دورہ کے موقع پر تعمیرا تی کمپنی ”سامبو “ اور سعودی کویت فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے حکام کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری سیرا سردارمحمد ظفر خان ،ڈائریکٹر جنرل ایرا ء بریگیڈئر سید فیاض حسین شاہ ،ڈی جی ایرا ء ظفرحسین واہلہ ،ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سیرا راجہ محمد شریف خان ،ڈائریکٹر اربن ڈویلپمنٹ نشاد احمد خان ،

سعودی کویت فنڈ کےقائمقام چیف انجینئر سید یاسرگیلانی ،ڈپٹی ڈائریکٹر سعودی کویت فنڈ فار ڈویلپمنٹ سید حسنین گیلانی ،کورین تعمیراتی کمپنی سامبو کے مسٹر کم ودیگر افسران بھی موجود تھے۔

سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے حکام نے ڈپٹی چیئرمین ایرا ء بریگیڈئر ابو بکر امین باجوہ کو بتایا کہ اس وقت تک یونیورسٹی کا 46فیصد کام مکمل ہوچکاہے ،کنگ عبداللہ یونیورسٹی چھتر کلاس کے تعمیرا تی کام میں پیدا ہونے والے مسائل اورمشکلات پر بڑی حد تک قابو پایا جاچکا ہے ،جس کی وجہ سے آنے والے دنوں میں کام کی رفتار مزید بہتر ہوگی اوریونیورسٹی کی تعمیر کو 2017ء تک مکمل کرلیا جائے گا ۔

کومی کوٹ روڈ کی تعمیر کے کام کا بھی آغاز کردیا گیا ہے ،ڈپٹی چیئرمین ایرا بریگیڈئر(ر)ابو بکر امین باجوہ نے تعمیرا تی کمپنی سامبو کے حکام اپنی کمٹمنٹ کو پورا کرنے کیلئے تعمیرا تی میٹریل اور استعداد کار میں اضافے کیلئے فوری اقدامات کریں ،عیدالاضحی سے قبل کام کی پراگرس کو بڑھائیں ،ڈپٹی چیئرمین ایرا نے کہا کہ سعودی ڈویلپمنٹ حکام کا اعلیٰ سطحی وفد بھی جلد ہی آزاد کشمیر کا دورہ کرے گا ۔

انہوں نے کہاکہ میری دلی خواہش ہے کہ کنگ عبداللہ یونیورسٹی چھتر کلاس سمیت زلزلہ متاثر ہ علاقوں کے دیگر تعلیمی ادار وں کی تعمیر کیلئے درکار فنڈز بلاتعطل فراہم کرکے انہیں جلداز جلد مکمل کروں تاکہ اُن زلزلہ متاثرہ علاقوں کے طلبہ جنہیں اب تک مالیاتی مشکلات کی وجہ سے محفوظ چھت فراہم نہیں کرسکے انہیں ترجیحی بنیادوں پر تعلیمی ادارے تعمیر کرکے دے سکیں ،انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام میں معیار کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اس کیلئے تعمیراتی کمپنیوں پر تعمیر نو ادارہ سیرا موثر مانیٹرنگ کرے ۔