کل جماعتی حریت کانفرنس کا پاک بھارت سرحدی فورسز مذاکرات کا خیر مقدم

جمعہ 11 ستمبر 2015 14:58

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2015ء)کل جماعتی حریت کانفرنس نے پاک بھارت سرحدی فورسز مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات سرحدی کشیدگی کم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے ،دونوں ممالک مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس (ع)کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے اپنی رہائشگاہ واقع نگین منزل میں حریت کانفرنس کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ پاک بھارت سرحدی فورسز کے کامیاب مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ سرحدی فورسز کے ڈائریکٹر جنرلز سطح کی میٹنگ سرحدی کشیدگی کم کرنے میں معاون ثابت ہوگی ۔

انہوں نے کہاکہ کشیدگی سے خطے میں عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال میں اضافے کے مسئلہ کشمیر پر براہ راست اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔حریت چیئرمین نے کہاکہ یہ ناگزیر ہوچکا ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت سیاسی بصیرت اور آمادگی کا مظاہرہ کرکے خطے کے عدم استحکام کا باعث دیرینہ اور تصفیہ طلب مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے آگے بڑھ کر ٹھوس اقدامات اٹھائیں ۔