حکومت گنڈے سروانی میں دریائی کٹاؤ سے شہریوں کو پہنچنے والے ناقابل تلافی نقصان سے بچانے کیلئے اقدامات کرکے واپڈا حکام دریاکے پانی کو کنٹرول کریں‘عوام کی اربوں کی زرعی اور رہائشی املاک کو پہنچنے والے نقصان بچانے کی حکمت عملی اختیار کی جائے

امیدوار آزادکشمیر قانون سازاسمبلی ایل اے چار کھڑی راجہ مختار عباس کا بیان

پیر 14 ستمبر 2015 16:04

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) امیدوار آزادکشمیر قانون سازاسمبلی ایل اے چار کھڑی راجہ مختار عباس نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر گنڈے سروانی میں دریائی پانی کے کٹاؤ کے نتیجے میں شہریوں کو پہنچنے والے ناقابل تلافی نقصان سے بچانے کیلئے فی الفور اقدامات کرے ۔و اپڈا حکام دریاکے پانی کو کنٹرول کر کے عوام کی اربوں روپے کی زرعی اور رہائشی املاک کو پہنچنے والے نقصان بچانے کی حکمت عملی اختیار کرے ۔

(جاری ہے)

بصورت دیگر ایل اے چار کھڑی کے شہری کنڈے سروانی کے عوام کے شانہ بشانہ حقوق کی جنگ سڑکوں اور چوراہوں پر لڑنے سے بھی دریغ نہیں کرینگے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے بیان میں کرتے ہوئے کیا ۔ کنڈے سروانی کے شہریوں کی گزشتہ کئی سالوں سے قیمتی ترین زرعی زمینیں اور رہائشی مکانات دریا کے پانی میں بہہ رہے ہیں مگر حکومت آزادکشمیر واپڈا اور متعلقہ ادارے ٹس سے مس نہیں ہو رہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر بے حسی اور ظلم کی یہ فضا اسی طرح بحال اور گنڈے سروانی کے شہریوں کے دریائی پانی کی تباہ کاریوں سے بچانے کیلئے فی الفور اقدامات نہ کئے گئے تو عوام کو احتجاجی تحریک کی کال دینے سے بھی دریغ نہیں کرینگے۔