حکومت آزاد کشمیر ہیلتھ ملازمین اور ڈاکٹرز کے جائز مطالبات فوری طور پر پورے کرے ،ڈاکٹر خالد محمود

منگل 15 ستمبر 2015 17:07

راولاکوٹ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر فوری طورپر ہیلتھ ملازمین اور ڈاکٹرز کے جائز مطالبات پورے کرے تا کہ یہ لوگ ہسپتالوں کے اندر مریضوں کا اعلاج کر سکیں ،ہڑتالوں کی وجہ سے ہسپتالوں کے اندر مریض دم توڑ رہے ہیں اور شدید مشکلات کا بھی شکار ہیں جس کا حکومت کو کوئی ادراک نہیں ہے ،حکومت نے ہیلتھ ملازمین اور ڈاکٹرز کے مطالبات پورے نہ کیے تو جماعت اسلامی پورے آزاد کشمیر میں ان کے ساتھ سڑکوں پر آئے گی ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈاکٹرز کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ عجیب اتفاق ہے کہ ڈاکٹرز اور ہیلتھ ملازمین نے ہڑتال کی ہوئی ہے جس کی وجہ سے مریض مشکلات میں ہیں لیکن حکومت اور وزیر صحت ٹس سے مس نہیں ہو رہے اس ہڑتا ل کی وجہ سے جو بھی مریض دم توڑ جائے اس کی ایف آئی آر حکومت اور وزیر صحت کے خلاف کاٹی جائے ،انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ ایسا ہے کہ جس میں ہر وقت انسانیت کی خدمت کرنی ہوتی ہے زخمیوں کی مرہم پٹی اور شدید بیمار لوگوں کی بروقت علاج معالجہ کرنا پڑتا ہے یہ معاشرے میں عوام کے لیے مسیحا کی حیثیت رکھتے ہیں ان کے مطالبات پورے ہونے چاہیے حکومت قومی وسائل کو عیاشیوں میں اڑا رہی ہے ان کے جائز مطالبات کیوں پورے نہیں کررہی حکومت اس طرف توجہ دے اور ا ن کے مطالبات پورے کرے تا کہ یہ لوگ اپنی خدمات سرا نجام دے سکیں ۔