پاک افواج نے ضرب عضب آپریشن میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں ،چوہدری فاروق الزمان

بدھ 16 ستمبر 2015 17:07

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 ستمبر۔2015ء)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما چوہدری فاروق الزمان نے کہا ہے کہ پاک افواج نے ضرب عضب آپریشن میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے افواج پاکستان اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمدنواز شریف نے جو اقدامات کیے ہیں اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن پاکستان سمیت آزادکشمیر کو دہشت گردی سے پاک کرنے کا عزم کرکے اقتدار میں آئی ہے۔

سابقہ حکومت نے پانچ سالوں کے دوران پاکستان میں سوائے بحرانوں کے علاوہ اورکچھ نہیں دیا ۔ دہشتگردی اور امن وامان کی صورتحال سابقہ دور کی نسبت اب کافی حد تک بہتری کی طرف گامزن ہے کراچی سمیت پورے پاکستان کے عوام افواج پاکستان کو سلیوٹ کر رہے ہیں جنرل راحیل شریف نے حقیقی معنوں میں جو ملک کے لیے جو لازوال کردار ادا کیا ہے وہ ایک زندہ اور روشن مثال ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔چوہدری فاروق الزمان نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن میں 95فیصد کامیابیاں پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے پاک فوج نے انتہائی جرات وبہادری کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کرکے انھیں ملک سے بھاگنے پر مجبور کیا آج پاکستان میں امن وامان کی صورتحال گذشتہ بارہ سالوں کی نسبت بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کے لیے جو منفی فعل کیے آج پاک فوج کی وجہ سے وہ مکمل طور پر ناکام ونامراد ہو چکے ہیں افواج پاکستان جرات مندوں اور بہاروں کی فوج ہے جس نے ہر موقع پر پاکستان کوبحرانوں سے نکالنے کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔ چوہدری فاروق الزمان نے کہا کہ افواج پاکستان گذشتہ 13سالوں سے دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑ رہی ہے جبکہ اس جنگ میں ہمارے ہزاروں جوانوں اور سویلین نے اپنی جانوں کی قربانی دی آج اس قربانی کا ثمر ضرب عضب آپریشن کی شاندار کامیابیوں کے بعد پاکستانی عوام کومل رہا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے جرات مندانہ اقدامات کی وجہ سے آج پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند ہوا ہے آرمی چیف کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت وترجمانی ہے آرمی چیف نے عالمی برادری اور بھارت کو للکار کر یہ باور کرا دیا ہے کہ پاکستان کسی بھی صورت مسئلہ کشمیر کے حل سے دستبردار نہیں ہو گاکشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان اپنی شہ رگ کی حفاظت کیلئے جنگ لڑتا رہیگا۔