مقبوضہ کشمیر میں گائے کے ذبیح پر پابندی، مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کیخلاف آزاد کشمیر میں بھرپور ہڑتال کی گئی

بھارت گزشتہ67 سالوں سے نہتے کشمیریوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے،کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو طاقت و جبر کے ذریعے سرد نہیں کیا جاسکتا، مقررین

بدھ 16 ستمبر 2015 17:07

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 ستمبر۔2015ء)وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی اپیل پر پورے آزادکشمیر کی طرح میرپور میں بھی مقبوضہ کشمیر میں گائے ذبحہ کرنے پر پابندی اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروع کرنے کے خلاف بھر پور ہڑتال کی گی ۔ ڈپٹی کمشنر آفس سے احتجاجی جلوس نکلا گیا جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال،ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری حق نواز ، اسسٹنٹ کمشنر راجہ قیصر اورنگزیب ،ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن خواجہ ساجد پہلوان انجمن تاجران ، سول سوسائٹی ، صحافیوں اور ملازمین کی جرید ہ و غیرجریدہ تنظیموں کے قائدین کررہے تھے۔

جب کہ شرکاء جلوس میں پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج پروفیسر نذر حسین چوہدری ،صدر پریس کشمیر پریس کلب الطاف حمید راؤ ، ڈپٹی ایڈ منسٹریٹر بابر شہزاد ،سینئر صحافی شجاع جرال ، راجہ سہراب خان ، خالد انجم ، کامران بخاری ، خلیل یوسف ، ممتاز خاکسار ،رانا شبیر رجواری ، انجمن تاجراں کے راجہ خالد خان ، نواز رتیال ،تنویر غازی ، ملازمین تنظیموں کے راہنما راجہ رشید خان اکرم مغل ، سول سوسائٹی طلبہ شریک تھے ۔

(جاری ہے)

شرکا ء جلوس بھارتی غاصبو چھوڑ دو کشمیر کو ہے حق ہمارا آزادی ، ہم چھین کے لیں گے آزادی ، ظلم ستم ہائے ہائے کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے ۔ اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت گزشتہ 67 سالوں سے نہتے کشمیریوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گائے ذبحہ کرنے کی پابندی مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروع کرنا ہے جس کے خلاف پوری کشمیری قوم سراپا احتجاج ہے ۔

انھوں نے کہا کہ بھارت دنیا کا ظالم و جابر ملک ہے جس نے بالخصوص مقبوضہ کشمیر کے عوام پر جابرانہ و غاصبانہ تسلط قائم کر رکھا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کے حکمران کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو طاقت اور جبر کے ذریعے سرد نہیں کر سکتے ۔ مقررین نے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں اور مہذب دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربرایت کی کاروائیوں کو بند کروائے اور کشمیریوں کا پیدائشی حق خودارایت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔

جابرانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے بھارت کے انتہاپسند حکمران کشمیر پرزیادہ دیراپنا غاصبانہ تسلط قائم نہیں رکھ سکتے اور نہ ہی مقبوضہ کشمیرکے عوام کی تحریک آزادی کا راستہ روکاجاسکتاہے۔انھوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی امن کے علمبرداروں سے کہاکہ وہ ریاست جموں وکشمیرکے عوام کوان کا پیدائشی مسلمہ حق خودارادیت دلانے کے لیے اپنا موثر کرداراداکریں اور بھارت کو مقبوضہ کشمیرمیں روارکھے جانے والے انسانیت سوز مظالم سے باز رکھیں۔