محکمہ مال کے افسران و اہلکاران قانون و ضابطے کی پابندی کریں ،لوگوں کے اراضی کے مسائل قانون و قاعدے کے مطابق حل کریں ، ڈپٹی کمشنر میرپور

بدھ 16 ستمبر 2015 17:07

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 ستمبر۔2015ء)ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال نے کہا کہ محکمہ مال کے افسران و اہلکاران قانون و ضابطے کی پابندی کریں اور لوگوں کے اراضی کے مسائل قانون و قاعدے کے مطابق حل کریں گرداوری اور فرد جاری کرتے وقت پوری ذمہ داری اور قاعدے کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے محکمہ مال کے افسران گرداوراور پٹواری صاحبان کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری حق نواز ، اسسٹنٹ کمشنر راجہ قیصر اورنگزیب ، افسر مال سہیل بشیر ، تحصیلدار محمد رفیق مغل بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال نے کہا کہ محکمہ مال کے افسران قانون و قاعدے و ڈسپلن کی پابندی کو اپنا شعار بنائیں اور لوگوں کی محکمہ مال سے متعلقہ مسائل خدمت خلق کے جذبہ کے تحت حل کریں اور کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہ کریں ۔ فرد اور گرداوری کے سلسلہ میں بھی کسی سے ناانصافی نہ کریں اور اپنے فرائض دیانتداری اور امانتداری کے ساتھ سرانجام دیں ۔