سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنماؤں کی مسلسل گھروں میں نظربندی کی مذمت

جمعرات 17 ستمبر 2015 16:14

سرینگر ۔ 17 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 ستمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم نے سیدعلی گیلانی کی مسلسل گھر میں غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاکہ سید علی گیلانی مسلسل 150دن سے گھر میں غیر قانونی طورپر نظربند ہیں۔

انہوں نے سید علی گیلانی کے علاوہ سینئرحریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ، آغا سید حسن الموسوی الصفوی اور نعیم احمد خان کی بھی مسلسل گھروں میں نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جموں و کشمیر میں عملاً بھارتی فوج اور پولیس کا راج قائم ہے اور ریاست میں آئین اور قانون معطل ہے۔انہوں نے پٹن میں کشمیریوں کے قتل کے خلاف مکمل ہڑتال کرنے پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری قوم تحریک آزادی کے حوالے سے کافی حساس ہے اور وہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے کشمیریوں کی نسل کشیُ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے پٹن میں بھی نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی تحقیقات کسی غیرجانبدار عالمی ادارے کے ذریعے کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجی گزشتہ 26سال سے جموں و کشمیر میں ایک منصوبے کے تحت کشمیری نوجوانوں کاقتل عام جاری رکھے ہوئے ہیں اور جب تک اس خونِ ناحق کے لیے ذمہ دار جنگی مجرموں کو انصاف کے کٹہرے تک نہیں لایا جاتا، یہ سلسلہ بدستور جاری رہے گا اور قیمتی انسانی زندگیوں کے ضیاع پر روک لگانا ممکن نہیں ۔

ادھر سید علی گیلانی نے ایک بیان میں ریڈیو ”صدائے حریت“ کی انٹرنیٹ پرنشریات کا خیر مقدم کیا ہے۔ا نہوں نے ریڈیو کی نشریات پر خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس کے منتظمین کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے اور جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کو اُجاگر کرنے کی طرف ایک اچھا قدم ہے اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے اپنی نشریات کو انٹرنیت جیسے جدید زریعہ ابلاغ پر لانے کے لیے ریڈیو صدائے حریت کی ٹیم کو مبارک باد دی۔