حریت رہنماؤں کی ریڈیو ”صدائے حریت“کی انٹرنیٹ پرنشریات کا خیرمقدم

جمعرات 17 ستمبر 2015 16:14

سرینگر ۔ 17 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 ستمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں حکیم عبد الرشید، محمد یوسف نقاش، بلال صدیقی اور سید بشیر اندرابی ریڈیو ”صدائے حریت“ کی انٹرنیٹ پرنشریات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ صدائے حریت جس طرح کشمیریوں کی بے باک ترجمانی کرتا آیا ہے امید ہے کہ یہ چینل انٹرنیٹ پر بھی کشمیریوں کی ڈھڑکن اورجموں و کشمیر کے گھر گھر کی آواز ثابت ہوگی۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماؤں نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ صدائے حریت کی نشریات کو انٹرنیٹ پر لانے سے عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال اور اسے کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے آگاہ رکھنے میں مدد ملے گی۔حریت قائدین نے چارنوجوانوں کے دوران حراست قتل کے خلاف مکمل ہڑتال کرنے پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ہڑتال انسانی حقوق کے عالمی اداروں کیلئے چشم کشاء ہے جنہوں نے نہتے کشمیریوں کے قتل عام پرچپ سادھ رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک منصوبہ بند سازش کے تحت کشمیری نوجوانوں کو قتل کیا جا رہاہے۔ حکیم عبد الرشید، محمد یوسف نقاش، بلال صدیقی اور سید بشیر اندرابی نے اقوام عالم اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سخت نوٹس لیں ۔ انہوں نے واضح کیاکہ ظلم و بر بریت سے کشمیریوں کے عزم و حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے ۔انہوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔