مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں، کشمیری رہنماؤں ، تارکین وطن کشمیریوں کی بڑی تعداد کا جنیوا میں اقوام متحدہ کے ہیڈکواٹر کے سامنے مظاہرہ

ہفتہ 19 ستمبر 2015 16:50

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 ستمبر۔2015ء) جنیوامیں قوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے موقع پر کشمیری رہنماؤں ،تارکین وطن کشمیریوں نے بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں ،مسئلہ کشمیر کے فوری حل کی ضرورت کو اجاگر کرنے کیلئے عالمی ادارے کے ہیڈکوارٹرز کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق بارش کے باوجود احتجاجی مظاہرے میں برطانیہ، جرمنی،اٹلی اور یورپ کے دیگر ملکوں میں موجود کشمیریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ برطانیہ کے رکن پارلیمنٹ خالد محمودنے مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کی کشمیری قیادت کے ہمراہ مظاہرے میں شرکت کی۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں جھنڈے اور پلے کارڑز اٹھارکھے تھے جن میں بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف اور کشمیر کی آزادی کے حق میں نعر ے درج تھے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 30ویں اجلاس میں موجود دنیا بھر سے سفارتکاروں،صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے پر امن مظاہرے کا مشاہدہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے کے بعد اقوام متحدہ کی عمارت میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔

سیمینار سے خالد محمود کے علاوہ کشمیری رہنماؤں الطاف حسین وانی، سید فیض نقشبندی، کشمیرانسٹی ٹیوٹ آف انٹر نیشنل ریلیشنز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سردار امجد یوسف خان نے خطاب کیا اور انسانی حقوق کے عالمی کارکنوں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور وہاں کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔بعد ازاں جنیوا پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا جس کیلئے کلب کے منتظمین نے ایک ہزار سے زائدارکان کو بیانات بھیج کر پریس کانفرنس کی غرض و غایت اور اسکی ا ہمیت سے آگاہ کیا۔

’ کشمیر اور بھارت وپاکستان کی ایٹمی طاقتوں کے درمیان تعطل‘ کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس کو براہ راست انٹر نیٹ اور ٹیلی ویژن کے ذریعے نشر کیاگیا ۔پریس کانفرنس سے خالد محمود ،الطاف حسین وانی ،سید فیض نقشبندی ،سردار امجد کے علاوہ آزاد جموں وکشمیر کے وزیر چودھری پرویز اشرف اور یوتھ فورم فار کشمیر کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر احمد قریشی نے بھی خطاب کیا۔