مقبوضہ کشمیر، بارہمولہ اور اسلام آباد میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کیخلاف زبردست احتجاجی مظاہرے

بھارتی فوجیوں، پولیس کا مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال

ہفتہ 19 ستمبر 2015 16:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 ستمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی بڑھتی ریاستی دہشت گردی کیخلاف بارہمولہ ،اسلام آباد کے اضلاع میں ہفتہ کو زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اطلاعات کے مطابق بارہمولہ کے علاقے ٹنگمرگ سے نوجوان کی لاش برآمد ہونے کے بعدز بردست مظاہرے پھوٹ پڑے۔

(جاری ہے)

نوجوان کی لاش ٹنگمرگ کے علاقے کنزر میں دیوبگ کے مقام پر دھان کے کھیت سے برآمد ہوئی جس کے بعد لوگوں نے سڑکوں پر آکر بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں زبردست مظاہرے کئے مظاہرین نے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔

دریں اثناء بھارتی پولیس کے ہاتھوں بیگناہ نوجوانوں کی گرفتار ی کیخلاف اسلام آباد قصبے میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ رہائشیوں نے نوجوانوں کی گرفتاری مظاہرے کئے ،عینی شاہدین کے مطابق بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔