پاک بھارت سلامتی کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، سید حسن الموسوی

ہفتہ 19 ستمبر 2015 16:52

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 ستمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں سینئر حریت رہنماء اور انجمن شرعی شیعیاں کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی سلامتی کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیز ہے۔ بڈگام میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سید حسن الموسوی الصفوی نے کہاکہ مسئلہ کشمیر ایک تسلیم شدہ سیاسی حقیقت ہے اور اس حقیقت کو تشدد اور طاقت کے ذریعے تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیا کے بدلتے ہوئے سیاسی اور عسکری منظر نامے میں تنازعہ کشمیر کا حل اور بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

(جاری ہے)

سینئر حریت رہنما نے افسوس ظاہر کیا کہ عالمی ادارہ کشمیر کے حوالے سے اپنی قرار دادوں پر عمل درآمد نہیں کراسکاہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر یوں کو تحریک آزادی کے خلاف بھارتی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

آغا سید حسن نے کہا کہ کشمیریوں کو ایک پلیٹ فارم ، ایک جھنڈے اور ایک نعرے تلے جمع ہونا چاہیے تاکہ تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے گوشت کی فروخت پر پابندی مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں صریحاً مداخلت ہے لہذا ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ اسکے خلاف آوازبلند کرے۔