لاہور میں گھنٹوں جاری رہنے والی بارش سے نظام زندگی معطل ،مختلف شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہا

منگل 22 ستمبر 2015 15:03

لاہور میں گھنٹوں جاری رہنے والی بارش سے نظام زندگی معطل ،مختلف شہروں ..

اسلام آباد /لاہور/فیصل آباد/ملتان/قصور/شیخوپورہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 ستمبر۔2015ء) صوبائی دارالحکومت میں مسلسل کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی بارش سے نظام زندگی معطل ہو کر رہ گیا ،مختلف شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہا ، لیسکو سمیت دیگر ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کا ترسیلی نظام بری متاثرہونے سے متعدد علاقوں میں عوام کو بجلی کی طویل بندش کا بھی سامنا کرنا پڑا ،شدید بارش سے چھتیں گرنے کے نتیجے میں خاتون جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہو گئے ، شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں زیر آب آ گئے جبکہ سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں ملازمین اور طلبہ کی حاضری معمول سے کم رہی ۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں پیر کی رات سے موسلار دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے گھنٹوں جاری رہا جس سے نشینی علاقے زیر آ ب آگئے اور بجلی کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ۔

(جاری ہے)

لیسکو انتظامیہ کے مطابق بارش تھمنے تک آپریشنل سٹاف کام نہیں کرسکتا جسکی وجہ سے متعدد علاقوں میں 8سے 10گھنٹے تک بجلی بندرہی۔

منگل کی صبح بھی شہر میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش ہوتی رہی جس سے نظام زندگی بری طرح متاثر رہا ۔ مسلسل کئی گھنٹوں سے جاری بارش کی وجہ سے سرکاری اداروں اور تعلیمی اداروں میں بھی حاضری معمول سے کم رہی ۔شدید بارش کی وجہ سے لکشمی چوک ، ڈیوس روڈ ، دھرم پورہ ، وسن پورہ ،وارث روڈ، گڑھی شاہو، محمد نگر، ریلوے اسٹیشن، ایک موریہ پل ، دو موریہ پلسمیت دیگر علاقے بارش کے پانی میں ڈوبے رہے جبکہ ٹاؤن شپ کے علاقے میں ژالہ باری بھی ہوئی ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران بادل چھائے رہنے اور وقفے وقفے سے بارش ہونے کا امکان ہے۔پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش نے ہر طرف جل تھل کردیا ۔فیصل آباد میں بھی آج صبح سے وقفے وقفے سے مو سلا دھار بارش سے شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے، شور کوٹ ، بھوانا ، گڑھ مہاراجا میں با ر ش کی وجہ سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا اور مو سم ئی خو شگوار ہوگیا ۔

چیچہ وطنی شہر اور اس کے گرد و نواح میں بھی شدید بارش سے ہورہی ہے جس سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں ۔قصور،شیخوپورہ،حافظ آباد،کبیروالا،گوجرانوالہ،ننکانہ صاحب اور وسطی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ لاہور کے علاقے سبزہ زار میں بارش کے باعث خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور 5افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

سبزہ زار ڈوبن پورہ کے رہائشی شیریں خان لکڑیوں کی ٹال کی بالائی منزل پر اہلخانہ کے ہمراہ رہائش پذیر تھا،موسلا دھار بارش کے باعث کمرے کی خستہ حال چھت گر گئی جس کے باعث تمام افراد زخمی ہو گئے ۔شیریں خان کی اہلیہ گل بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جبکہ بچوں سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کر ادیا گیا ۔کبیر والا کے علاقہ موہری پور میں بارش کے باعث چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہوگئے۔ فیصل آباد میں جڑانوالہ روڈ پر مکان کی چھت گرنے سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ شدید بارش کی وجہ سے لیسکو سمیت دیگر ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا جس سے عوام کو بجلی کی طویل بندش کا سامنا کرنا پڑا ۔

متعلقہ عنوان :