مظفرآباد،ماحول دشمن پلاسٹک بیگ پر حکومتی پابندی اور نافذ کئے گئے قوانین پر عملدرآمد شرو ع

پلاسٹک بیگ کی فروخت ، تیاری اور استعمال میں ملوث پایا گیا توخلاف ورزی کرنیوالوں کو گرفتار کرکے جرمانے اور سزا دینے کے علاوہ مال بھی ضبط کر لیا جائے گا

منگل 22 ستمبر 2015 18:05

مظفرآباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 ستمبر۔2015ء)ماحول دشمن پلاسٹک بیگ پر حکومتی پابندی اور نافذ کئے گئے قوانین پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ادار ہ تحفظ ماحولیات آزادکشمیر اور ضلعی انتظامیہ نے دارالحکومت مظفرآباد سے ماحول دشمن پلاسٹک بیگز کے استعمال کو روکنے کیلئے مہم شروع کر دی حکومت کی جانب سے پابندی کے حوالہ سے نافذ کردہ قوانین کے تحت اگر کوئی شخص روائتی ماحول دشمن پلاسٹک بیگ کی فروخت ، تیاری اور استعمال میں ملوث پایا گیا توخلاف ورزی کرنیوالوں کو گرفتار کرکے جرمانے اور سزا دینے کے علاوہ مال بھی ضبط کر لیا جائے گا خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سینئر سول جج جن کے پاس انوائرمینٹل مجسٹریٹ کے اختیارات ہیں انکی عدالت میں مقدمہ زیر بحث لایا جائے گا ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے قانون اور دفعہ 144پر عملدرآمد یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیئے ادارہ تحفظ ماحولیات اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں کاروائی کرینگی تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر بھر میں ماحول دشمن پلاسٹک بیگ کے استعمال پر حکومت کی جانب سے پابندی عائد کی گئی ہے اور ضلعی انتظامیہ نے دارالحکومت مظفرآباد میں اسکی فروخت پر دفعہ 144نافذ کر رکھا ہے محکمہ ماحولیات کی مشترکہ ٹیم نے اس حوالے سے مٹن مارکیٹ کا دورہ کیا جس میں تاجروں کو ماحول دوست شاپنگ بیگ کے استعمال کی ترغیب دی گئی ڈپٹی کمشنر مظفرآباد چوہدری فرید نے حکومت کی جانب سے ماحول دشمن شاپنگ بیگ کے استعمال ، تیاری اور فروخت پر پابندی کے حوالے سے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ایکسٹر اسسٹنٹ کمشنرمنیر قریشی کو قانون پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے تفویز کر دیا گیا ہے دارالحکومت مظفرآباد کی تمام مارکیٹوں میں ادارہ تحفظ ماحولیات اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیم کی جانب سے ماحول دوست شاپنگ بیگ کے استعمال اور روائتی بیگ پر پابندی کے حوالہ سے تاجروں کے ساتھ میٹنگ کا سلسلہ جاری ہے پابندی سے متعلق تاجر ایسوسی ایشن ، فروٹ و سبزی منڈی ، مٹن مارکیٹ کے ساتھ کامیاب میٹنگز کا انعقاد ہو چکا ہے ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ادارہ تحفظ ماحولیات کی تحریک پر حکومت کی جانب سے لگائی گئی پابندی پر عملدرآمد ہرصورت یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

اس حوالہ سے مٹن مارکیٹ دورہ کے موقع پر تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر منیر قریشی کہا کہ ماحول دوست شاپنگ بیگ کے استعمال میں فلاح انسانیت کا عنصر مضمر ہے ماحول دشمن پلاسٹک بیگ کی فروخت اور تیاری کرنیوالوں کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی تاجر ماحول دوست شاپنگ بیگ کا استعمال یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ سے تعاون کریں باشعور انسان ہونے کے ناطے ہم سب پر فرض عائد ہو تا ہے کہ اپنی سرگرمیوں یا ذاتی مفا د کیلئے ایسے عوامل سے اجتناب کریں جو اس قدرتی ماحول اور انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ہے ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ادار ہ تحفظ ماحولیات شفیق عباسی نے کہا کہ آزادکشمیر میں روائتی اور ماحول دشمن شاپنگ بیگ کے استعمال پر قانون کا اطلاق2013سے ہو چکا ہے ادارہ تحفظ ماحولیات نے عوام میں ماحول دوست پلاسٹک بیگ کے استعمال اور روائتی بیگ کے تدارک کیلئے آگاہی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ماحول دوست بیگ کے استعمال کیلئے ریاست بھر میں آگاہی مہم پر کام کیا گیا ہے اس حوالے سے میڈیا پر بھی آگاہی مہم چلائی گئی ادارہ تحفظ ماحولیات نے روائتی بیگ کے متبادل ماحول دوست بیگ کو تمام ضلعی سطح پر گرین سٹور قائم کر کے دستیابی یقینی بنا دی ہے تحفظ ماحول قانون کے تحت ریاست کے تمام افراد پابند ہیں کہ روائتی کے بجائے ماحول دوست استعمال کو ترجیح دیں۔`