دفعہ370کشمیریوں کیلئے موت و حیات کا معاملہ ہے ،نیشنل کانفرنس

بدھ 30 ستمبر 2015 15:14

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 ستمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارت نواز نیشنل کانفرنس نے دلی ہائی کورٹ میں دفعہ370جس کے تحت جموں وکشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل ہے کیخلاف مفاد عامہ کی عرضداشت دائر کئے جانے کو ایک سازش قراردیتے ہوئے کہاہے کہ کشمیریوں کیلئے یہ دفعہ موت و حیات کا معاملہ ہے ۔

(جاری ہے)

نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال نے ہائی کورٹ میں دفعہ370کی منسوخی کیلئے عرضداشت کو جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو مسخ کرنے کی ایک اور سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت جموں و کشمیر کوحاصل خصوصی پوزیشن کو ختم نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کو ختم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔انہوں نے بھارتی حکومت کوخبردار کیاکہ دفعہ 370 کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے کسی بھی صورت میں مثبت نتائج سامنے نہیں آسکتے۔ انہوں نے کہا کہ دلی ہائی کوٹ میں دفعہ370کو ختم کرنے کیلئے جو دلیل پیش کی گئی ہے، وہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ اس دفعہ کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے نیشنل کانفرنس کوئی بھی قربانی دینے کیلئے تیار ہے اور اگر اس قانون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی گئی تو اسکے خلاف زبردست مزاحمتی تحریک شروع کی جائیگی ۔