بھارتی ہٹ دھرمی خطہ کے امن کیلئے سنگین خطرہ ہے‘چوہدری منظور احمد

جمعہ 2 اکتوبر 2015 14:55

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 اکتوبر۔2015ء)مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے نائب صدر چوہدری منظور احمد نے کہا ہے کہ خطہ کا پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط‘ اقوام متحدہ کشمیریوں کے حق میں پاس کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور بھارت کو پابند کرے کہ وہ جلدازجلد مقبوضہ وادی سے اپنی افواج کا انخلاء کرے۔ بھارتی ہٹ دھرمی خطہ کے امن کیلئے سنگین خطرہ ہے۔

وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے مسئلہ کشمیر پر بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر کے پوری کشمیری قوم کے سر فخر سے بلند کردیئے ہیں۔ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر اور دیگر عالمی ایشوز پر جاندار خطاب کر کے وزیراعظم پاکستان نے ایک عالمی مدبر اور اسٹیٹس مین ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روزیہاں مظفرآباد میں مرکزی دفتر میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے اپنے خطاب میں دنیا کو یہ بھی بتا دیا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں گزشتہ چھ دہائیوں سے معمول رہیں‘ جس کی وجہ سے ہزاروں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں۔

وزیراعظم نوازشریف نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے دیرینہ اور دو ٹوک موقف کو جنرل اسمبلی میں اٹھا کر عالمی برادری پر واضح کردیا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے اورکشمیری عوام کی آواز کو طاقت سے دبایا نہیں جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت جس انداز میں دنیا کو اپنے مسائل کے بارہ میں آگاہ کررہی ہے اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان دنیا کی اگلی صف کے ممالک میں شامل ہوگا اور اس طرح سے ملک میں دہشتگردی اور دیگر بے ضابطگیوں کا خاتمہ ہوگا۔

وزیراعظم پاکستان نے کشمیر کے مسئلہ کے حل کیلئے تیسرے فریق کشمیری قیادت کو بھی شامل کرنے کی جو بات کی ہے وہ ایک اہم پیش رفت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو سنجیدگی سے مسئلہ کشمیر کا حل اپنی پاس کردہ قرارادادوں کے مطابق نکالنا ہوگا تاکہ خطہ میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے اور کشمیری عوام کو بھارتی چنگل سے آزادی مل سکے۔