پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ،لوگ جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں،بیرسٹر سلطان چوہدری

منگل 6 اکتوبر 2015 15:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 اکتوبر۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیر پی ٹی آئی اس وقت آزاد کشمیر کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے لوگ اس میں جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں۔آئندہ الیکشن میں لوگ مک مکا کی سیاست کا خاتمہ کر دیں گے اور دونوں پارٹیوں کے گٹھ جوڑکو مسترد کر دیں گے ۔

کشمیر پی ٹی آئی اقتدار میں آکر عوامی مسائل حل کرائے گی۔25 اکتوبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے سامنے ہونے والا ملین مارچ تحریک آزادی کشمیر اور مسئلہ کشمیر کے حل میں ایک سنگ میل کی حیثیت اختیار کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اپنی رہائشگاہ پر حلقہ 4 پونچھ یونین کونسل رہاڑہ سے تعلق رکھنے والے یو کے پی این پی کے مرکزی ڈپٹی آرگنائزر و عوامی ایکشن محاذ کے چئیرمین سردار منصور کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت کشمیر پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شمولیت اختیاز کرنے والوں میں حلقہ 4 پونچھ سے سردار فیاض شاہد،عوامی ایکشن محاذ کے سینئر نائب صدر سردار رشید، مسلم کانفرنس کے رہنماء سردار شفیق، جے کے پی پی کے رہنماء سردار آصف رفیق، سردار شبیر، سردار ساجد، پیپلز پارٹی کے رہنماء سردار شفاعت اور دیگر شامل تھے۔جبکہ اس موقع پرسابق مشیر و کشمیر پی ٹی آئی کی رکنیت سازی مہم کے انچارج سردار امتیاز خان، کشمیر کے پی ٹی آئی کے رہنماء سردار نثار، سردار طاہر شاہین سردارامتیاز، سردار نسیم، رضوان خالد، اورنگزیب یونس اور دیگر بھی موجود تھے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم کشمیر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور کشمیر پی ٹی آئی اس وقت آزاد کشمیر میں ایک بڑی عوامی قوت بن چکی ہے ہم عمران خان کے ویژن کے مطابق نیا آزاد کشمیر بنائیں گے اور عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچائیں گے۔ اسی طرح کشمیر پی ٹی آئی اقتدار میں آکر اختیارات کو نچلی سطح تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو آگے لائے گی اسی طرح خواتین کو پاکستان کی اسمبلیوں کی طرح آزاد کشمیر اسمبلی میں بھی تینتیس فیصد نمائندگی دی جائیگی۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ 25 اکتوبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے سامنے ہونیوالا ملین مارچ تحریک آزادی کشمیر اور مسئلہ کشمیر کے حل میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور اس سے انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مسئلہ کشمیر پر مبذول ہو گی۔

متعلقہ عنوان :